radio pakistan ke pensioners ka ahtejaaji muzahira

ریڈیوکے ریٹائرڈ ملازمین

تحریر: شکیل فاروقی۔۔

رحمت اللعالمین نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰﷺ کا فرمان بھی یہی ہے کہ مزدور کو اُس کی مزدوری اُس کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کر دی جائے۔اِس سے زیادہ بھلا اور کیا کہا جاسکتا ہے۔ آئینِ پاکستان میں درج بنیادی حقوق اور حقوقِ انسانی کا تقاضہ بھی یہی ہے۔

جس طرح ملازمین کو ماہ بہ ماہ تنخواہ یا اجرت کی باقاعدگی سے ادائیگی حکومت کا فرض اور اجیر کا حق بنتا ہے ٹھیک اِسی طرح پینشن کی بلاتاخیر ادائیگی بھی حکومت پر لازم ہے۔

یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ آخر ریڈیو پاکستان کے پینشنرز کو فوری پینشن کیوں نہیں دی جا رہی۔ ریڈیو پاکستان کی برسوں پرانی تاریخ میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ جب انھیں ایسی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ دیگر محکموں کے ملازمین کی طرح انھوں نے بھی اپنی عمرِ عزیز اِس ادارے کی خدمت میں گزاری ہے۔

صرف یہی نہیں وقتِ مقررہ پر ہی نہیں بلکہ اِس سے بھی پہلے اپنی ڈیوٹی پر حاضر ہونا اُن کے خون میں شامل ہے۔حالات نارمل ہوں یا ہنگامی وقت کی پابندی اُن کا طرہ امتیاز رہا۔ کون نہیں جانتا ہے کہ لوگ اپنی گھڑیاں ریڈیو پاکستان سے ملاتے ہیں۔

ریڈیو پاکستان کا ماضی آفتاب کے مانند ہمیشہ روشن اور درخشاں رہا ہے جس کا سہرا اِس کے کارکنان کے سَر ہے جو اپنے فرائضِ منصبی کی احسن ادائیگی کے بعد اب ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں۔ مقررہ مدتِ ملازمت کے بعد ہر سرکاری ملازم ریٹائرمنٹ کی زندگی گزارتا ہے جس کے عوض وہ پینشن کا حقدار ہوتا ہے۔

صرف یہی نہیں بلکہ اُس کی موت کے بعد اُس کی پینشن کا مقررہ حصہ اُس کی بیوہ کو ملتا رہتا ہے تاکہ وہ کسی کے آگے ہاتھ پھیلائے بغیر باعزت زندگی گزار سکیں۔ پینشن نہ کوئی صدقہ ہے اور نہ خیرات بلکہ یہ اُس کا قانونی اور اخلاقی حق ہے لہٰذا اِس کی باقاعدگی اور پابندی سے بروقت ادائیگی حکومت کا خواہ وہ کوئی بھی ہو فرض بنتا ہے۔

پینشن اُس کا بنیادی حق ہے جو اُسے ہر حال میں ملنا چاہیے تاکہ وہ خود کو لاوارث نہ محسوس کرے۔ آج کل جب کہ بے لگام مہنگائی نے اچھے اچھوں کا جینا حرام کردیا ہے عزت و آبرو کی زندگی گزارنا اور سفید پوشی کا بھرم رکھنا مشکل سے مشکل تر ہو رہا ہے۔پینشن کی بلاتاخیر اور پوری ادائیگی ڈوبتے کے لیے تنکے کا سہارا ہے۔ بیچارے پینشنرز کا ایک اور سنگین مسئلہ یہ ہے کہ بڑھاپے کی وجہ سے انھیں طرح طرح کی بیماریاں لاحق ہوتی ہیں جن کا علاج مہنگے سے مہنگا ہو رہا ہے۔

ان کی جمع پونجی کا بڑا حصہ بیماریوں کے علاج پر خرچ ہو جاتا ہے۔ ایسے میں ان کی خصوصی دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے چہ جائیکہ ان کی گزارہ پینشن ہی روکر ان کے مسائل میں اضافہ کیا جائے۔

سب سے بڑی بات یہ ہے کہ بڑھاپا بذاتِ خود سب سے بڑی بیماری ہے۔ اِن گزارشات کے ساتھ ہماری حکومت سے مودبانہ استدعا ہے کہ ریڈیو پاکستان کے مظلوم پینشنرز کے تمام واجبات کی بلاتاخیر ادائیگی کو یقینی بنائیں۔(بشکریہ ایکسپریس)

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں