radio bulletin mein ghalti DG radio muattil kyu

ریڈیو بلیٹن میں غلطی، ڈی جی ریڈیو معطل کیوں؟؟

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ریڈیو پاکستان کے ایک نیوز بلٹن میں ان سے فلسطین کی بجائے اسرائیل کی حمایت کا جملہ منسوب کرنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی پی بی سی طاہر حسن کو معطل کرنے کا حکم دیدیا،عنبرین جان کو ڈی جی کا اضافی چارج دیدیا گیا ،نیوز ایڈیٹر اور ڈپٹی کنٹرولر معطل‘ نیوز ریڈر اور ٹرانسلیٹر کو بھی ہٹادیا گیا‘ آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل‘ وزیراعظم ناراض ہوگئے ۔ وزارت اطلاعات و نشریات ڈی جی ریڈیو طاہر حسن کی معطلی کیلئے سمری وزیراعظم کو بھیجے گی کیونکہ ڈی جی انفارمیشن گروپ کے گریڈ20 کے افسر ہیں۔ طاہر حسن کو فوری طور پر ڈی جی پی بی سی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ نئے ریگولر ڈی جی کی تقرری تک ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ عنبرین جان کو ڈی جی پی بی سی کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ نگران وزیراعظم نے معاملہ کی تفصیلی انکوائری کا بھی حکم دیا ہے۔ جبکہ نیوز پڑھنے والی نیوز ریڈر عشرت فاطمہ اور غلط ترجمہ کرنے والے ٹرانسلیٹر کو ہٹا دیا گیا ہے جو عارضی بکنگ پر کام کرتے ہیں۔ نیوز ایڈیٹر عابد رضا اور ڈپٹی کنٹرولر مقصود الرحمٰن کو معطل کر دیاگیا ہے۔المیہ یہ ہے کہ  ریڈیو پاکستان کے بلیٹن میں اس بھیانک غلطی کو ریڈیو کے ایڈیٹوریل اسٹاف اور اردو یونٹ  کے اسٹاف نے نہیں بلکہ سننے والوں نے پکڑا، یہاں یہ واضح رہے کہ ریڈیو پاکستان کی تمام خبریں انگریزی میں بنائی جاتی ہیں، جسے اردو یا دیگر علاقائی بلیٹن کے لئے ترجمہ کیا جاتا ہے، نواکتوبر کو صبح آٹھ بجے کے انگریزی بلیٹن میں یہ خبر بالکل ٹھیک چلی تھی لیکن اس سے پہلے اور صبح نوبجے کے بلیٹن میں اس کا ترجمہ کچھ اس طرح کیا گیا کہ نگراں وزیراعظم نے  ہر فورم پر اسرائیل  کی سفارتی و سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔۔نگراں وزیراعظم نے نوٹس لیا بالکل ٹھیک کیا لیکن ڈی جی ریڈیو پاکستان طاہر حسن کیسے اس غلطی کے ذمہ دار ہوسکتے ہیں؟ جو اسٹاف، عملہ یا افراد اس غلطی کے ذمہ دار تھے ان کے کارروائی بنتی ہے لیکن کیا اب ڈی جی ریڈیوپاکستان ہر بلیٹن کو سنے؟ پھر اس بلیٹن میں ہونے والی غلطیوں کی نشاندہی کرکے اپنے اسٹاف سے اسے درست کرائے؟ جاب ڈسکپرشن میں ڈی جی کی ذمہ داری یہ ہرگز نہیں کہ وہ علی الصبح نیند سے اٹھ کر بلیٹن بھی سنا کرے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں