لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سینئر نائب صدر شیرازحسنات ، نائب صدر امجد عثمانی ، سیکرٹری زاہد عابد ، جوائنٹ سیکرٹری جعفربن یار ،فنانس سیکرٹری سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی نے کوئٹہ پریس کلب کو عملی طور پر ضلعی انتظامیہ کے ماتحت کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے ۔حکام کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کو اس امر کا پابند کرنا کہ کلب میں کوئی بھی پریس کانفرنس،سیمینار یا تقریب کی ڈپٹی کمشنر سے پیشگی اجازت لینی ہو گی۔ لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی کوئٹہ پریس کلب پر اس قسم کی پابندی پر شدید تشویش کا اظہار کرتی ہے اورحکام بالاسے مطالبہ کرتے ہیں کہ آمرانہ دور طرزکی یہ پابندی ختم کی جائے۔ صدرارشدانصاری کا کہنا ہے کہ ہر پریس کلب انتظامیہ پہلے ہی اس امر کو یقینی بناتی ہے کہ ریاست یا اداروں کے خلاف اس کا پلیٹ فارم کسی طور استعمال نہ ہو لیکن کوئٹہ پریس کلب بارے انتظامی حکمنامے سے آزادی اظہار پر کاری ضرب لگانے کی کوشش کی گئی ہے جس کو لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی یکسر مسترد کرتی ہے اور کوئٹہ پریس کلب سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس پابندی کو ختم کرانے کے لئے ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھائی جائے گی اور توقع کرتے ہیں کہ حکام بالا ان احکامات کو فوری واپس لیں گے۔