قومی اخبار یونین (سی بی اے) عہدیداروں کے خلاف انتظامیہ کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں،الیاس شاکر کے بعد ان کی اولاد نے اخبار میں کام کرنے والے صحافیوں اور کارکنوں کو شدید ذہی اذیت کا شکار بنا رکھا ہے، قومی اخبار انتطامیہ کارکنوں کو ہراساں کرنا بند کرے ، اگر کارکنوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ فوری بند نہیں کیا گیا تو ملک بھر میں احتجاج کریں گے، ان خیالات کا اظہار آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن (ایپنک) کراچی کے چیئرمین دارا ظفر نےسی بی ایز یونیز کےفوری ہنگامی اجلاس میں کیا۔ دارا ظفر نے کہا کہ مختلف اخبارات اور چینلز کے کارکنان پہلے ہی بے روزگاری اور کم تنخواہوں کے باعث مشکلات اور پریشانی کا شکار ہیں اور اب قومی اخبار میڈیا گروپ کی انتظامیہ نے اپنے پروردہ مفاد پرست ذمہ داراوں کے ساتھ مل کر قومی اخبار یونین (سی بی اے) کے مرکزی عہدیداروں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے۔ قومی اخبار کراچی کا ایک بڑامنافع بخش اخبار ہے جس سے سینکڑوں کارکنوں کا روزگار وابستہ ہے۔ الیاس شاکر نے جس ادارے کو بڑی محنت اور لگن سے پروان چڑھایا اور اس کوکراچی کا بڑا اخبار بنانے میں اہم کردار ادا کیا، ان کے انتقال کے بعد اب ان کی اولاد اس اخبار کی دشمن بن چکی ہےاور اخبار میں کام کرنے والے مخلص کارکنوں کو بے روزگار کرنا چاہتی ہے، آل پاکستان نیوز پیپر ایمپلائز کنفیڈریشن (ایپنک) کراچی اس سلسلے میں اسد شاکر ، فہد شاکر اور ان کے پروردہ مراعات حاصل کرنے والے ضمیر فروش انتظامی اہلکاروں کو متنبہ کرتی ہے کہ اگر انہوں نے یونین (سی بی اے) کے عہدیداروں کے خلاف یکطرفہ کارروائیوں کا سلسلہ بند نہیں کیا توپہلے مرحلے میں ان کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا جائے گا اور پھر اس سلسلے کو پورے کراچی میں پھیلا دیا جائے گا۔
