ریڈیو ‘ٹی وی‘فلم اور سٹیج کے نامور اداکار ‘فلمساز و لکھاری محمد قوی خان مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پشاور میں انکی یاد میں تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں لاہور و اسلام آباد سے نامور اداکاروں عثمان پیرزادہ‘ خالد بٹ ‘راشد محمود‘ مشہور ڈرامہ نگار و شاعر خلیل الرحمٰن قمر‘ انجم حبیبی‘ باطن فاروقی‘ فلمساز کامران رفیق ‘ محمد عادل و دیگر نے شرکت کی۔ تقریب میں خیبرپختونخوا کے نامور فنکاروں ‘شعراء ‘صحافیوں‘اداکاروں و دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام گرین سکائے انٹرٹینمنٹ نے کیا تھا ۔تقریب کی میزبانی کے فرائض ناصر علی سید نے انجام دئیے۔ تقریب میں محمد قوی خان کی زندگی پر دستاویزی فلم کے علاوہ لالی ووڈ کے معروف اداکار وہدایتکار جاوید شیخ‘ لیلیٰ زبیری ‘ مرحوم کے فرزند عدنان قوی خان اور اشتیاق سیستانی کے ویڈیو پیغامات دکھائے گئے۔پروگرام میں معروف اداکار خالد خٹک‘ طارق جمال ٗزرداد بلبل ٗعشرت عباس‘ سجاد احمد بفہ‘ نوشابہ ‘شازمہ حلیم‘ اعجاز میر‘ارم سحر‘ آصف شہزاد‘ مراد احمد اعوان‘ عرفان خان ‘ ہمایون خان ‘ ڈاکٹر لطیف خان‘ سلیم شوق‘ طاہر قریشی‘ نور محمد نوری‘ مسرت زبیری ٗاحمد نواز ٗقومی جرگہ پختونخوا کے صدر خالد ایوب ٗعبدالقیوم ہوتی اور دیگر نے شرکت کی۔ جاوید شیخ نے کہا کہ محمد قوی خان کے بغیر فنون لطیفہ کی تاریخ ادھوری ہے۔ انہوں نے چاہے فلم ہو ٹی وی یا سٹیج عمدہ کام کیا۔خالد بٹ نے کہا کہ قوی خان اداکاروں کے قائد اعظم تھے۔ قوی ہم سے جدا ہوگئے مگر ان کا کام ہمیشہ زندہ رہے گا۔ وہ نہایت ہی نفیس انسان تھے ان کی تعریف میں جتنے الفاظ کہے جائیں کم ہیں۔عثمان پیرزاہ نے کہا کہ قوی خان نے زندگی میں مختلف کردار ادا کیے، فلم اور ٹیلی ویژن انڈسٹری میں انہوں نے خاص مقام بنایا، وہ جتنی محبت کرنے والے انسان تھے اس سے بڑھ کر وہ بہت اچھے اداکار تھے۔خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ مرحوم کا دنیا سے چلے جانا ہمارے لیے بڑا صدمہ ہے وہ ہر لحاظ سے بہترین اداکار اور انسان تھے وہ سادہ اور ہنس مکھ انسان تھے۔راشد محمود نے کہا کہ محمد قوی خان کے رخصت ہونے سے ایک فرد رخصت نہیں بلکہ ایک عہد تمام ہوا ۔انجم حبیبی نے کہا کہ وہ اداکار اس سے کہیں زیادہ فرشتہ صفت انسان تھے۔کامران رفیق نے کہا کہ محمد قوی خان کا کام تمام فنکاروں کیلئے مشعل راہ ہے۔ معروف اداکا رباطن فاروقی نے کہا کہ ان کا طرز بیان اردو کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہے وہ بہت آبرو مندانہ گفتگو کرنے کے عادی تھے جب کہ تہذیب کا نمونہ تھے بشریٰ فرخ نے کہا کہ وہ ایک عظیم اداکا ر تھے اور انکے ساتھ میں نے کام کیا ہے ان سے بہت کچھ سیکھا وہ بہت قدر دان انسان تھے انکی کمی مدتوں تک محسوس کی جائیگی۔
قوی خان کی یاد میں تقریب کا اہتمام۔۔
Facebook Comments