کراچی یونین آف جرنلسٹس نے شہید صحافی عزیز میمن کے مفرور قاتل کی گرفتاری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ شہید عزیز میمن کے اہلخانہ سمیت ملک بھر کی صحافی برادری کو عدالت سے انصاف ملے گا اور شہید صحافی عزیز میمن کے قاتلوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ کے یو جے کے صدر شاہد اقبال اور جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی سمیت مجلس عاملہ کے تمام اراکین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید عزیز میمن کے مفرور قاتل مشتاق سہتو کو شہید بینظیر آباد پولیس نے صحرائی علاقے میں ایک آپریشن کے دوران گرفتار کرلیا مشتاق سہتو ڈھائی سال سے مفرور تھا۔ کے یو جے نے اس کی گرفتاری کو سندھ حکومت کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ شہید عزیز میمن کے کیس میں مضبوط استغاثہ کے ذریعے قاتل کو عدالت سے قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ سندھی نیوز چینل ’کے ٹی این‘ اور اخبار ’کاوش‘ سے وابستہ سینئر صحافی شہید صحافی عزیز میمن کی لاش 16 فروری 2020 کو نوشہروفیروز کے نواحی شہر محراب پور کی ایک نہر سے ملی تھی اس واقعے پر غلام نبی میمن کی سربراہی میں جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے لاش سے ملنے والے ڈی این اے کی بنیاد پرقتل میں ملوث نذیر سہتو نامی شخص کو گرفتار کیا تھا جس نے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا اور بتایا تھا کا قتل کا مرکزی ملزم مشتاق سہتو ہے جس نے قتل کا منصوبہ تیار کیا تھا مشتاق سہتو واقعے کے بعد سے مفرور تھا تاہم اب اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
قاتلوں کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے، کے یوجے۔۔
Facebook Comments