کراچی یونین آف جرنلسٹس نے اسلام آباد میں سینئر صحافی محسن جمیل بیگ کی گرفتاری تشدد اور اس کے گھر پر چڑھائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ کے یو جے کے صدر اعجاز احمد جنرل سیکریٹری عاجز جمالی اور ایگزیکٹو کونسل کے تمام ارکان نے اپنے بیان میں کہا ہے وفاقی وزیر کے حکم پر جس طرح محسن بیگ کے ساتھ وفاقی اداروں نے رویہ اختیار کیا وہ نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ شرم ناک ہے۔ قانون سے بالا تر کوئی بھی نہیں عدالتی حکم پر محسن بیگ کی گرفتاری کے لئے قانونی راستہ بھی اختیار کیا جا سکتا تھا لیکن سادہ وردی میں ملبوس اہلکاروں نے خود ہی غیر قانونی راستہ اختیار کیا۔ حکومت اور حکومتی وزراء پر ہر دور میں تنقید ہوتی رہتی ہے اس کے لئے قوانین موجود ہے لیکن یہاں پر متاثرہ فریق یعنی حکومت نے بے جا طاقت کا استعمال کیا ہے جو کہ ناقابل برداشت ہے۔ کے یو جے نے پورے واقعے کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور ایک سینئر صحافی کے خلاف ریاستی جبر کی مذمت کی ہے۔
