تحریر: سید انور فراز۔۔
ن لیگ کے موجودہ صدر جناب شہباز شریف کا زائچہ پیش نظر ہے، ان کی تاریخ پیدائش 23 نومبر 1951 بمقام لاہور اور ہمارے اندازے کے مطابق وقت پیدائش 11:00 am ہے، زائچے کے پہلے گھر میں برج عقرب تقریباً 5 درجہ طلوع ہے،زائچے کے نحس اثر ڈالنے والے سیارگان راہو کیتو کے علاوہ مریخ اور زہرہ ہیں، راہو چوتھے گھر برج دلو میں 17 ڈگری پر ہے، سیارہ مشتری برج حوت میں پانچویں گھر میں ہے جب کہ قمر آٹھویں، مریخ ہبوط یافتہ نویں گھر برج سرطان میں ہے، زہرہ ، عطارد اور کیتو برج اسد میں دسویں گھر میں ہےں، شمس اور زحل گیارھویں گھر برج سنبلہ میں ہے۔
زائچے کا نہایت اہم یوگ ”ہمسا یوگ“ ہے، یہ بھی پنچم مہاپرش یوگ میں سے ایک ہے،ایسے لوگ نہایت دانش مند ، عوامی فلاح و بہبود کے کام کرنے والے ہوتے ہیں، چھٹے گھر کا حاکم مریخ ہبوط یافتہ ہے، ایسے لوگوں کی صحت کے معاملات بہتر نہیں رہتے، نویں گھر یعنی بھاگیا استھان کا حاکم قمر آٹھویں گھر برج جوزا میں ہے، ہماری نظر میں یہ زائچے کی سب سے بڑی کمزوری یا خرابی ہے،ایسے لوگ ہمیشہ اپنی بہترین صلاحیتوں کے باوجود دوسروں کے دست نگر رہتے ہیں،اگر یہ کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا کہ شہباز شریف تمام زندگی اپنے والد کے بعد اپنے بھائی کے تابع فرمان اور دست نگر رہے ہیں اور رہیں گے،انھیں چاہیے کہ سچا موتی(پرل)پہنا کریں، زائچے کی دیگر خصوصیات پر تفصیلی گفتگو کا یہ موقع نہیں ہے، شائقین ہماری ویب سائٹ پر تفصیلی زائچہ اور اس کی ریڈنگ کا مطالعہ کرسکتے ہیں، فی الوقت ہم تازہ صورت حال کے پس منظر میں بات کریں گے۔
زائچے میں کیتو کا مین پیریڈ جاری ہے، کیتو دسویں گھر میں ہونے کی وجہ سے اچھی جگہ پر ہے، اس پیریڈ کی ابتدا 27 جولائی 2021 سے ہوئی تھی، 24 دسمبر 2021 سے کیتو کے مین پیریڈ میں سیارہ زہرہ کا سب پیریڈ شروع ہوا جو 23 فروری 2023 تک جاری رہے گا، زہرہ زائچے کے بارھویں گھر کا حاکم ہونے کی وجہ سے زائچے کا سب سے زیادہ منحوس اثر رکھنے والا سیارہ ہے، مزید یہ کہ بارھواں گھر بیرون ملک تعلقات کی بھی نشان دہی کرتا ہے اور ظاہر ہے ن لیگ کے قائد جناب نواز شریف بیرون ملک مقیم ہیں اور شہباز شریف کو تمام ہدایات بیرون ملک سے ہی ملتی ہیں۔
زائچے کا بارھواں گھر نقصان، خوف ،مسلسل علاج معالجہ ،خفیہ سرگرمیاں ظاہر کرتا ہے، بے خوابی کا شکار بناتا ہے، زائچے میں جاری ادوار کی یہ پوزیشن ہمیں مشکوک بنارہی تھی کہ وہ وزیراعظم بننے جارہے ہیں، ہمارا خیال تھا کہ ممکن ہے ہم نے جو پیدائش کا وقت مقرر کیا ہے وہ شاید غلط ہو لیکن اچانک جو کچھ ہوا اس نے ثابت کیا کہ وقت درست ہے، اس وقت میں ان کا وزیراعظم بننا ممکن نظر نہیں آتا۔
زائچے میں سیارگان کی ٹرانزٹ پوزیشن بہتر تھی، چوتھے گھر کا حاکم زحل تیسرے گھر سے گزر رہا ہے اور اس مہینے کے آخر تک چوتھے گھر میں داخل ہوجائے گا لیکن جس مہم جوئی میں انھوں نے خود کو ڈالا اس کے لیے وقت مناسب نہیں تھا، زہرہ اور مریخ جو ان کے زائچے کے منحوس اثر رکھنے والے سیارگان ہیں ،8 فروری سے 19 مارچ تک حالت قران میں رہے ہیں،28 فروری کا سیاروی اجتماع زائچے کے تیسرے گھر میں ہوا، زائچے کا تیسرا گھر پہل کاری ، کوشش اور جدوجہد کا ہے جس میں انھوں نے اپنی صحت کی خرابی کے باوجود کوئی کسر نہیں چھوڑی اور بالآخر تحریک عدم اعتماد پیش کردی،مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہے، آخری وقتوں میں یعنی مارچ کے دوسرے ہاف سے سیاروی گردش خلاف ہونے لگی، سیارہ زحل جو زائچے کا اہم سیارہ ہے یعنی چوتھے گھر (پناہ گاہ)کا حاکم پہلے زہرہ زحل قران سے متاثر ہوا اور پھر مریخ زحل قران کا شکار ہوا، گیارھویں گھر کا حاکم سیارہ عطارد جس کا تعلق فوائد اور ٹارگٹ کے حصول سے ہے،اس دوران میں مسلسل شمس کی قربت کے سبب غروب رہا، باقی جو کچھ ہوا وہ پورے پاکستان نے دیکھا، وہ وزیراعظم کی کرسی کے قریب پہنچ کر الٹے قدموں اسمبلی سے لوٹ گئے۔
مختصر یہ کہ جب تک کیتو اور زہرہ کے دور جاری ہیں، خاص طور پر 23 فروری 2023 تک ان کا وزیراعظم بننا مشکل نظر آتا ہے،15اپریل سے 15 مئی تک کا وقت ان کے لیے مزید مشکل ہوگا جس میں قیدو بند ، مقدمات میں تیزی اور صحت کی خرابیاں نمایاں نظر آتی ہیں، انھیں چاہیے کہ جمعہ اور منگل کے روز اپنا صدقہ دیا کریں۔(سید انورفراز)