puray balochistan mein security ke masail naahi

پورے بلوچستان میں سیکورٹی کے مسائل نہیں، فرح عظیم شاہ۔۔

لاہورپریس کلب کے پروگرام میٹ دی پریس میں سابق ترجمان بلوچستان حکومت وممبر صوبائی اسمبلی بلوچستا ن فرح عظیم شاہ نے خصوصی شرکت کی ۔ لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سیکرٹری زاہد عابد، ممبر گورننگ باڈی راناشہزاد ، محبوب چوہدری نے معزز مہمانوں کو کلب آمد پرخوش آمدید کہا۔اس موقع پر کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ممبرڈاکٹر کرسٹوفرنے خصوصی شرکت کی ۔ میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے فرح عظیم شاہ نے کہا کہ پورے بلوچستان میں سیکیورٹی کے مسائل نہیں، محض چند حصوں میں شورش ہے جن کی واحد وجہ دہشتگرد ہیں جن کا نہ تو کئی مذہب ہے نہ انکا پاکستان سے کو ئی تعلق ہے،ایسے لوگوں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا، بلوچستان کوئی محتاج نہیں لیکن ان مسائل کی اصل وجہ پربھی توجہ دینی ہو گی ، ہر مسئلہ طاقت سے حل نہیں ہو سکتا۔انھو ں نے کہاکہ ہنر مند بلوچستان بنائیں گے۔ فرح عظیم شاہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں منفی کی بجائے بہت ساری مثبت چیزیں ہو رہی ہیں جنہیں زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے،کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن کے حوالے سے مختلف پارلیمنٹیرین سے بات ہوئی تو انھوں نے بڑی خواہش کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان بالکل وزٹ کرنا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی علاقہ میں وہاں کی عوام کے حقوق یا وسائل کی وجہ سے مسائل جنم لیتے ہیں اور دنیا بھر میں ایسی مثالیں موجود ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ عوام کی ترقی اور فلاح کیلئے بہت سارے اقدام کئے جارہے ہیں ان میں سب سے بڑھ کر ایمان پاکستان تحریک شروع کی گئی جس کی وجہ سے لوگوں میں نفرتیں کافی حد تک کم ہوئی ہیں۔فرح عظیم شاہ کا کہناتھا کہ چند مٹھی بھر لوگوں نے منفرد جذبے کی مدد سے پاکستان کوحاصل کیا اور اب تو کروڑوں ٹیلنٹڈ لوگوں کی فراوانی ہے بس 1947والے جذبے کی ضرورت ہے اور ایمان پاکستان تحریک شروع کرنے کا مقصد بھی یہی ہے اور صوبہ کے کچھ حصوں میں محض ایک ماہ کے اندر لڑکیوں کیلئے تین ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں،ہم اپنے بلوچستان کومحتاج نہیں، ہنر مند بلوچستان بنائیں گے اور ہم لوگوں کی سپورٹ لینے کی بجائے ان کو سپورٹ فراہم کرینگے۔اس حوالے سے ترکی کے ساتھ جلد معاہدے کئے جائیں گے جس کے بعد ہنرمند افراد کو وہاں بھیجا جائیگا، اپنی یوتھ کو سکالرشپ پر وہاں بھیجا جائیگا،کاروباری خواتین کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کی جائیگی،اپنے فنکاروں کو متعارف کروایا جائیگا۔ممبر صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ میڈیا ورکرز پاکستان کے سفیر ہیں اور ایمان پاکستان تحریک کیلئے بھی میڈیا کی اشد ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ منفی کی بجائے مثبت چیزیں دنیا کے سامنے رکھنی ہونگی کیونکہ جو کام بندوق کے زور پر نہیں کیا جاسکتا وہ کام اخلا ق سے کیا جا سکتاہے۔سب کو پتہ کہ بہت ساری عالمی قوتیں ہیں جو پاکستان کو کمزور دیکھنا چاہتی ہیں اور یہ قوتیں بوچستان میں کام کر رہی ہیں اور کچھ لوگ انہیں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں لیکن ایک بات واضح ہے کہ معدنی وسائی اور ٹرانزٹ روٹ کی وجہ سے بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جوممالک پاکستانیوں پر ویزے کی پابندیاں لگا رہے ہیں ان کو چاہئے کہ پابندی کی بجائے وہاں جا کر بھیک مانگنے اور چوری کرنیوالوں کو ہمارے حوالے کریں ہم سخت سزا دیں گے۔اس موقع پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے ایمان پاکستان تحریک کیلئے میڈیا کے بھرپور ساتھ کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پرڈاکٹر کرسٹوفر، ایگزیکٹو ممبر کامن ویلتھ پارلیمنٹری ایسوسی ایشن نے موسمیاتی تبدیلیوں اور اسکے اثرات پر گفتگو کی اور کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ہونیوالے اجلاس میں بھی اس پر بات ہوئی ہے اور اس بات کا اعادہ کیا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات زائل کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائینگی۔انھوں نے پاکستانی عوام،وزیراعظم محمد شہباز شریف، سپیکر پنجاب اسمبلی، سیکرٹری پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی مہمان نوازی کو سراہا۔آخر میں صدر پریس کلب ارشد انصاری، سیکرٹری زاہد عابد کی طرف سے مہمانان کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں