پنجاب جرنلسٹ پروٹیکشن کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس سنٹرل پولیس آفس میں منعقد ہوا۔۔ اجلاس کی صدارت ڈی آئی جی لیگل پنجاب اویس احمد ملک نے کی ۔ پی ایف یوجے کے صدر افضل بٹ نے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پی آئی ڈی معاذ خواجہ، منسٹری آف انفارمیشن سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر روہا خان،فریڈم نیٹ ورک ، پنجاب جرنلسٹ سیفٹی کولیشن سے اقبال خٹک بھی موجود تھے۔۔اجلاس میں صحافیوں کے تحفظ کیلئے ٹی او آرز کے مطابق اقدامات میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈی آئی جی لیگل پنجاب اویس احمد ملک کا کہنا تھا کہ پنجاب جرنلسٹ پروٹیکشن کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہر ماہ باقاعدگی سے منعقد کیا جائے گا۔ صحافیوں سے متعلقہ مقدمات پر بروقت قانونی کاروائی اور فالو اپ کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ کمیٹی کے اراکین سے بروقت انفارمیشن شئیرنگ سے کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ کمیٹی کی موثر باہم کوآرڈینیشن کیلئے واٹس ایپ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔ اجلاس میں اقبال خٹک اور افضل بٹ نے صحافیوں کو درپیش مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے مختلف تجاویز پیش کیں ۔صحافتی تنظیموں کی تجاویز کی روشنی میں صحافیوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کو مزید بہتر کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اے آئی جی ایچ آر سی آصف علی شیخ بھی موجود تھے۔