وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ایف یو جے نے آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کی جدوجہد میں ہمیشہ مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ پنجاب حکومت آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے اور اس حوالے سے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صحافی برادری کے لیے تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پہلی مرتبہ پنجاب کے پریس کلبوں کو تاریخی گرانٹ جاری کی گئی ہے، جو صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے اہم قدم ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کا ویژن ہے کہ ہر صحافی کے پاس اپنا گھر ہو، اور اسی ویژن کے تحت صحافیوں کو پلاٹس کی فراہمی کے عمل کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔وزیر اطلاعات نے امید ظاہر کی کہ پی ایف یو جے کی نئی قیادت اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائے گی اور صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔