پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات اعظمیٰ بخاری نے اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ساتھ ایک ملاقات میں اعلان کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اے پی این ایس کی پی پی آر اے رولز میں ترمیم واپس لینے اور اخبارات میں ٹینڈر نوٹس کے اشتہارات کو بحال کرنے کی درخواست قبول کر لی ہے۔ اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس فیصلے سے اخباری صنعت کو معاشی بحران سے نکلنے میں مدد ملے گی۔وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرنٹ میڈیا کو سپورٹ کرنے کے اپنے عزم میں واضح ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت مسلم لیگ ن کی حکومت کے موجودہ دور سے متعلق پرنٹ میڈیا کی تمام ادائیگیاں کلیئر کر دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی پی آر، پنجاب نے 1.18 ارب روپے کی رقم کلیئر کردی ہے۔اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی نے وزیر اطلاعات اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔اے پی این ایس کے عہدیداروں نے وزیر کو پنجاب حکومت کے اشتہارات کے لیے ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔