پنجاب اسمبلی میں بیوروکریٹس اور صحافی کو تلخ کلامی پر سزا دینے کا بل متفقہ منظور کرلیا گیا، ممبرز تحفظ استحقاق بل پنجاب اسمبلی سے منظور کرایا گیا، پرائیویٹ بل 22 جون کو پرائیویٹ ممبرز ڈے پر پیپلز پارٹی کے مخدوم عثمان کی طرف سے رواں اجلاس میں پیش ہوا، سپیکر نے بل سپیشل کمیٹی نمبر 9 کو ریفر کر کے 2 ماہ میں رپورٹ مانگی تھی مگر بل صرف 8 روز بعد ہی ایوان میں لا کر بغیر بحث کے منظور کرالیا گیا، اب گورنر پنجاب کی منظوری باقی ہے ، بل کے متن کے مطابق اب کوئی بیوروکریٹ یا صحافی اسمبلی میں تلخ کلامی کرے گا تو سزا بھگتے گا، ممبرز کے استحقاق کی خلاف ورزی قابل سزا جرم ہو گی ، بل کے تحت جوڈیشل کمیٹی بنائی جائے گی، جس میں ارکان کی تعداد کا تعین سپیکر کااختیار ہوگا،جوڈیشل کمیٹی کے پاس چھ ماہ قید کی سزا اور دس ہزار جرمانہ کرنے کے اختیارات ہوں گے ، اسمبلی کی جوڈیشل کمیٹی کے پاس فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات ہونگے ، کسی رکن اسمبلی یا اسمبلی ملازم کو دھمکی دینے یا تذلیل کرنے پر چھ ماہ قید یا 10 ہزار رروپے جرمانہ ہو گا، اس بل کے تحت کسی ممبر کے استحقاق کو مجروح کیا گیا تو سپیکر پنجاب اسمبلی گرفتاری کا حکم دے سکتے ہیں، اگر کوئی ایم پی اے ایوان کے اندر کی گئی تقریر میں رد وبدل کے حوالے سے سپیکر کو شکایت کریگا تو وہ بھی قابل گرفت سمجھا جائے گا، رکن کی تقریر غلط شائع کرنے پر تین ماہ قید یا 10 ہزار روپے جرمانہ ہو گا ، سپیکر کے کنڈکٹ پر بھی کوئی بات نہیں کی جا سکے گی، اسمبلی کی جوڈیشل کمیٹی کو ایک دن کے اندر سزا دینے کے اختیارات ہونگے ۔ دریں اثنا ایمرا پروفیشنل جرنلسٹ گروپ کی جانب سے پنجاب اسمبلی ممبر استحقاق بل کی شدید مذمت کی گئی ہے۔۔ پروفیشنل گروپ کے چیرمین و اراکین کور کمیٹی نے بل فی الفور واپس لینے کے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ یہ بل پنجاب اسمبلی کی جمہوری روایات پر ایک سیاہ دھبہ ہے جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے گا ۔ آئین کسی بھی شخص کو ازخود جج بننے کی اجازت نہیں دیتا یہ بل آئین میں دئیے گئے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی یے اور افسوسناک امر ہے کہ آئین کے تحفظ کا حلف اٹھانے والے ہی اس کی روح کے منافی اقدامات کر رہے ہیں جو کسی صورت قابل قبول نہیں ۔ لاہور پریس کلب ، پریس گیلری اور پی یو جے اس پر جو متفقہ لائحہ عمل طے کریں گے ایمرا پروفیشنل گروپ اس پر پوری طرح عمل درآمد کرے گا اور کالے قانون کی واپسی تک جدوجہد جاری رہے گی ۔ اس حوالے سے پروفیشنل گروپ کے اراکین جمعہ کے روزلاہور پریس کلب میں مشاورتی اجلاس میں بھرپور شرکت کریں گے۔۔
