پی ایف یو جے کی پنجاب میں صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کو سزا دینے کیلئے پنجاب اسمبلی کے’ استحقاق بل2021ء کیخلاف احتجاج کی کال پر ملک بھر کی صحافی، سول سوسائٹی تنظیموں کے احتجاجی مظاہرے، طویل عرصے کے بعد صحافتی تنظیمیں بھی مشترکہ جدوجہدکے لیے متحد ہو گئیں، شہر شہر احتجاجی کیمپ لگائے گئے اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ اعلان کیا گیا کہ ممبراستحقاق بل میں صحافیوں کے خلاف منظور کردہ تمام شقوں بشمول شق 21 کی واپسی تک صحافی برداری اپنا احتجاج جاری رکھے گی۔ لاہور اسلام آباد ، راولپنڈی، کراچی، پنجاب، خیبرپختونخوا،بلوچستان ، ایبٹ آباد، حیدرآباد، سکھر، بہاول پور، گوجرانوالہ، رحیم یار خان، اور ملتان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ جبکہ پی ایف یوجے کی کال پر سکھر یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام لاڑکانہ،شکارپور،جیکب آباد، نوشہرو فیروز، گھوٹکی، خیرپور سمیت سکھر ریجن کے دیگر اضلاع میں جبکہ حیدرآبادمیں جامشورو، ٹھٹھہ،بدین، دادو اور دیگر مقامات پر بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ لاہور میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی قیادت صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری،صدر پنجاب اسمبلی پریس گیلری افضال طالب، صدر پنجاب یونین آف جرنلسٹس (برنا) قمر الزمان بھٹی، صدر پی یو جے (ورکرز) ضیاءاللہ خان نیازی، سیکرٹری پی یو جے (دستور) احسان بھٹی، پی یو جے آفیشل کے رہنما فرخ عطا بٹ، پروگریسو گروپ کے چیئرمین معین اظہر، ورکرز گروپ کے چیئرمین احسن ضیاء، پی ایف یو جے کے خزانچی ذوالفقار علی مہتو، پی ایف یو جے ورکرز کے سیکرٹری جنرل راجہ ریاض ، لاہور فوٹو جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری پرویز الطاف ، آل پاکستان نیوزپیپرزایمپلائز کنفیڈریشن لاہورکے چیئرمین منصور ملک جبکہ کمیٹی کے دیگر ارکان جاوید فاروقی، زاہد چوہدری، خواجہ آفتاب حسن، خواجہ نصیر، نعیم حنیف ، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینر عباس نقوی سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سینئر جرنلسٹ حسین نقی ، امتیاز عالم، ازہر منیر،شفیق اعوان ،رئیس انصاری ،علامہ صدیق اظہر، سمیت دیگر قائدین بھی موجود تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان عظمیٰ بخاری اورحقوق خلق موومنٹ کے فاروق طارق بھی صحافیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے میں شریک ہوئے۔۔سینئر صحافی حسین نقی نے کہا اس کالے قانون نے مارشل لا کی یاد تازہ کردی ، ارشد انصاری نے کہا آج سے لاہور پریس کلب کے باہر مستقل احتجاجی کیمپ لگایاجائے گا جبکہ پنجاب اسمبلی کے آئندہ اجلاس کا مکمل بائیکاٹ ہوگااور دھرنا دیاجائے گا۔

پنجاب اسمبلی کا بائیکاٹ،دھرنے کا اعلان۔۔
Facebook Comments