پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے آمریت کے دور میں صدائے حق بلند کرنے کی پاداش میں کوڑے کھانے اور قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے آزادی صحافت کے ہیروز کو سلام عقیدت پیش کرنے کے لئے ‘یوم عزم’ لاہور پریس کلب میں منایا گیا۔صحافیوں نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے، موم بتیاں جلا کر اظہار یکجہتی کیا گیا، پنجاب یونین آف جرنلسٹ کے صدر زاہد رفیق بھٹی، جنرل سیکرٹری حسنین ترمزی، سابق صدور پی یو جے فہیم گوہر بٹ، قمرالزمان بھٹی، عثمان بن احمد، سینئر فوٹو جرنلسٹ راحت علی ڈار نے شرکت کی۔اعجاز حسین لاہوری، پرویز الطاف، حسنین اخلاق، شہزاد بخاری، عنصر اقبال،عندلیب بھٹی، افضل ایوبی، صلاح الدین بٹ، طارق حسن، خاور بیگ، ذوالفقار علی مہتو، محمد بابر،عدیل عباس ایڈووکیٹ، جمیل راہی، انیس گل، امریز خان، جمال احمد، جاوید اقبال بھٹی و دیگر بھی شریک ہوئے۔پنجاب یونین آف جرنلسٹ کے صدر زاہد رفیق بھٹی، جنرل سیکرٹری حسنین ترمزی و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے 13 مئی کے دن کو تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا۔مقررین نے کہا کہ 13 مئی کو ضیاء الحق آمریت میں قلم مزدوروں ناصر زیدی، اقبال جعفری، مسعود اللہ خان و دیگر کو کوڑے مارے گئے اور حق گوئی کے ہر علمبردار کو پابند سلاسل کیا گیا۔تقریب میں حق کے تمام علمبرداروں کو پی یو جے کی جانب سے شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔