پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی ایگز یکٹ کونسل کا اجلاس صدر میاں شاہد ندیم کی زیر صدارت ہوا۔ رانا مظہر نے تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے اجلاس کا آغاز کیا ۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری قاضی طارق عزیز ، نائب صدور فاروق جوہری ، عامر سہیل، جوائنٹ سیکرٹریز عدنان بھٹی ، چوہدری عتیق احمد ، فرید احمد، عمران راج ، انفارمیشن سیکرٹری حامد خان ، ممبران ایگزیکٹو کونسل افضل چوہدری، عثمان علی ، راشد وٹو ، چو ہدری قاسم جٹ، رانا مظہر ، رانا اشفاق، وسیم چوہدری ، میاں علی ربانی، سلمان اعوان ، میاں عامر، عبدالرحمن اور شوکت علی نے شرکت کی ۔ اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے ۔ پی یو جے سیکرٹریٹ دیال سنگھ مینشن کی از سرنو تزئین و آرائش کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔ ایگزیکٹو کونسل نے صحافیوں کے حقوق کی جدو جہد تیز کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ نئے کارڈز کے اجرا کا بھی فیصلہ کیا گیا ، صدر میاں شاہد ندیم کی تجویز پر ہر ہفتے سینئر صحافیوں کے ساتھ ایک شام کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی جبکہ لاہور پریس کلب کے الیکشن میں پائینئر پروگریسو، فرینڈز کے امیدواروں کے اعزاز میں تقریب کا بھی اعلان کیا گیا۔ صدر میاں شاہد ندیم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی ایگزیکٹو باڈی اپنے صحافی بھائیوں کے حقوق کیلئے ہر محاذ پر سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے میڈیا مالکان کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی یقینی نہ بنائی گئی تو ان کے دفاتر کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ جنرل سیکرٹری قاضی طارق عزیز کا کہنا تھا کہ پی یوجے کی موجودہ ایگزیکٹو کونسل قلم مزدوروں کے حقوق کی لڑائی ڈٹ کر لڑے گی اور آزادی اظہار رائے پر کسی کو بھی قدغن لگانے کی اجازت نہیں دیں گے۔