صدارتی ایوارڈ یافتہ فنکار نجیب اللہ انجم اور شاعرہ ادیب وڈرامہ نگار بشریٰ فرخ کی قیادت میں فنکاروں کے وفد نے گزشتہ روز پشاور ٹیلیویژن کے جنرل منیجر اورنگزیب آفریدی سے ملاقات کی جس میں نجیب اللہ انجم، بشریٰ فرخ، نوشابہ خان، انیس الرحمٰن اور آصف شہزاد نے صوبے سے باہر کے فنکاروں کو بلانے اور کام دینے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشاور کے فنکار بے روزگار ہیں اور مرکز میں پروڈکشن شروع ہونے پر باہر کے غیر تصدیق شدہ فنکاروں کو بلا کر مرکزی کردار دئیے جارہے ہیں جو کہ افسوسناک امر ہے۔اورنگزیب آفریدی نے فنکاروں سے وعدہ کیا کہ جب تک میں جنرل منیجر کی کرسی پر ہوں مقامی فنکاروں کی حق تلفی قطعاً نہیں ہوگی، آئندہ اٹک کے پار سے کوئی کاسٹنگ نہیں ہوگی، میں خود چاہتا ہوں کہ خیبرپختونخوا کا فنکار خوشحال اور بہترین زندگی بسر کرے، پی ٹی وی کے علاوہ بھی اگر میں اپنے فنکاروں کو کوئی فائدہ دے سکوں تو ضرور دوں گا کیونکہ فنکار ہمارا اثاثہ ہیں، آئندہ پی ٹی وی پشاور مرکز کے کسی بھی پروگرام میں صرف صوبے کے فنکاروں کو کام دیا جائے گاکیونکہ یہ ان کا حق ہے۔
