وزیراعظم عمران خان کی مداخلت کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) اور پاکستان ٹیلی ویژن( پی ٹی وی) میں پیدا ہونے والا تنازعہ حل ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کی ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے نشریاتی حقوق کسی اور چینل کو دینے کے مسئلے پر پی ٹی وی نے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کو قانونی نوٹس بھجوا یا تھا۔ پی ٹی وی کی جانب سے بیرسٹر احمد پنسوتا نے پی سی بی کو لیگل نوٹس بھجوایا گیا تھاجس میں چیئرمین پی سی بی کو فریق بنایا گیا۔پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے قانونی نوٹس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن اور پی سی بی کے درمیان پاکستان میں نشریاتی حقوق کا معاہدہ 16 ستمبر 2020 کو ہوا اور پی ٹی وی نے اس معاہدے کی ہر لحاظ سے پیروی کی لیکن ایک دم سے پی سی بی نے بغیر کسی وجہ کے نوٹس دیے بغیر ہی یہ معاہدہ ختم کردیا۔کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق وزیراعظم کی مداخلت کے بعد دونوں پارٹیاں اپنی درخواستیں واپس لینے اور ریونیو حصول کے نئے ماڈل پر رضا مند ہوگئی ہیں۔جس کے بعد پی سی بی کو اشتہارت کی مد سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 72 فیصد جبکہ پی ٹی وی کو 28 فیصد حصہ ملے گا۔اس سے قبل پی ٹی وی کو 57 اعشاریہ پانچ جبکہ پی ٹی وی کو 42 اعشاریہ پانچ فیصد حصہ ملتا تھا۔
