سماء ٹی وی پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے سیزن 10 میں فرنچائز ملتان سلطانز کا میڈیا پارٹنر بن گیا۔ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں اس دہائی کی سب سے کامیاب اور نمایاں فرنچائزز میں سے ایک ملتان سلطانز نے سماء ٹی وی کے ساتھ اگلے 12 ماہ کے لئے بطور میڈیا پارٹنر ایک اسٹریٹجک شراکت کا اعلان کیا ہے اور اس شراکت کے تحت ملتان سلطانز کے کھلاڑیوں کے انٹرویوز، ٹیم کی تیاریوں کی تفصیلات اور میچز کے تجزیے خصوصی طور پر سماء ٹی وی کے ناظرین کے لئے پیش کیے جائیں گے۔یہ تعاون سماء ٹی وی کی اسکرین اور ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ملتان سلطانز کے مداحوں سے رابطے کو مزید مستحکم کرے گا۔اس معاہدے کے تحت سماء ٹی وی نہ صرف پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کی خصوصی کوریج کرے گا بلکہ ٹیم کی سیکنڈ الیون، جے ڈی ڈبلیو کی پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو میں بھی بھرپور کوریج فراہم کرے گا۔جس کا مقصد ٹیم کو فرسٹ کلااس پریذیڈینٹ ٹرافی گریڈ ون کے لئے کوالیفائی کرنے میں مدد دینا ہے۔مزید برآں سماء ٹی وی لودھراں میں ترین کرکٹ اکیڈمی کی سرگرمیوں کو بھی نمایاں طور پر دکھائے گا تاکہ نوجوان کرکٹرز کو ترقی کے مزید مواقع مل سکیں اور کرکٹ کے دائرہ کار کو وسیع کیا جا سکے۔اس معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے کہا کہ ہمیں سماء ٹی وی کو پاکستان سپر لیگ اور اس سے آگے کے لئے اپنا میڈیا پارٹنر بناتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، سماء ٹی وی کی اسکرین اور ڈیجیٹل میڈیا رسائی اور ساکھ ہمارے اس وژن کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہے کہ ہم اپنے مداحوں کی تعداد بڑھائیں اور سال بھر اپنے مداحوں کو مشغول رکھیں۔ سماء ٹی وی کے صدر ندیم ملک نے بھی اس تعاون پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملتان سلطانز اس دہائی میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی سب سے مستقل مزاج اور کامیاب فرنچائزز میں سے ایک ہے جو مسلسل چار فائنلز تک پہنچی اور عمدگی کے لئے ان کا عزم سماء ٹی وی کے اسٹریٹجک وژن کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔ندیم ملک کا کہنا تھا کہ کرکٹ قومی جذبہ ہے اور ایچ بی ایل پی ایس ایل ملک کے سب سے منتظر کھیلوں کے ایونٹس میں سے ایک ہے، یہ شراکت ہمارے لئے کرکٹ کوریج کو بڑھانے اور اپنے ناظرین کو ملتان سلطانز کے سفر تک خصوصی رسائی فراہم کرنے کا ایک شاندار موقع ہے۔یاد رہے کہ پی ایس ایل 10 11 اپریل سے 19 مئی تک جاری رہے گا اور محمد رضوان ملتان سلطانز کی قیادت کریں گے۔