ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نشریاتی حقوق سے متعلقہ معاملے پر خط لکھ دیا۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے پی سی بی کو پی ایس ایل 7 اور 8 کے نشریاتی حقوق کی فروخت میں مبینہ بے ضابطگیوں پر خط لکھا ہے۔ٹرانسپرنسی نے اپنے خط کے ذریعے اے آر وائے کی جانب سے مقدمے کے لیے جمع دستاویزات میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی ہے۔خط میں کہا گیا کہ نشریاتی حقوق خریدنے کے لیے ایک کروڑ کی سیکیورٹی ٹیکنیکل بڈ کے ساتھ نہیں جمع کروائی گئی۔خط میں لکھا گیا کہ پی ایس ایل نشریاتی حقوق سے متعلق اے آر وائے اور سرکاری ٹی وی کے ساتھ کنسورشم معاہدے پر کوئی تاریخ بھی درج نہیں ہے۔خط میں کہا گیا کہ پی سی بی نے پیپرا قوانین کے مطابق ایولیوشن رپورٹ اب تک پیپرا ویب سائٹ پر اپ لوڈ نہیں کروائی ہے۔دریں اثنا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گزشتہ ایڈیشن کے نشریاتی حقوق رکھنے والی کمپنی بلٹز کا وضاحتی بیان سامنے آیا ہے۔کمپنی بلٹز کا کہنا ہے کہ اس پر نشریاتی حقوق کی رائٹس فیس کی کوئی رقم واجب الادا نہیں۔وضاحتی بیان میں مزید کہا گیا کہ دیگر معاملات پر رقوم کے حوالے سے لندن کی ثالث عدالت کے فیصلے پر اعتراضات ہیں جس پر اپیل کا حق ہے۔بیان میں کمپنی بلٹز نے یہ بھی کہا کہ قانونی تقاضے مکمل کیے بغیر کوئی کمپنی کو ڈیفالٹر نہیں کہہ سکتا۔
