پروڈکشن ہاؤسزسے فقیروں کی طرح پیسے مانگنے پڑتے ہیں، سینئر اداکار۔۔

سینئر اداکار سید محمد احمد نے شوبز انڈسٹری میں معاوضوں کی تاخیر سے ادائیگیوں کا انکشاف کردیا۔ کہتے ہیں پروڈکشن ہاؤسز ہر پراجیکٹ میں کوشش کرتے ہیں کہ اداکار ان سے فقیر کی طرح پیسے مانگے۔ سوشل میڈیا ایپ انسٹا گرام کے پیج پر اداکار کا ایک ویڈیو پیغام جاری ہوا ہے جس میں انہوں نے پروڈکشن ہاؤسز کے معاوضوں سے متعلق پول کھول دیئے۔ اداکار کا کہنا ہے سوائے ایک آدھ پروڈکشن ہاؤس کے میں نے کبھی نہیں دیکھا کہ آپ کو وقت پر معاوضے کی ادائیگی کر دی جائے۔ معاوضہ 3 سے 4 مہینے تاخیر ہو جانا بہت عام سی بات ہے اور وہ بھی اس صورت میں ملتے ہیں جب آپ کو ان کے آگے ہاتھ جوڑنے پڑیں، فقیروں کی طرح انہیں بتائیں کہ آپ کے کیا حالات ہیں، تب کہیں جا کر وہ آپ کو ایک عدد چیک دے کر ایسے احساس دلاتے ہیں، جیسے انہوں نے آپ پر بہت بڑا احسان کر دیا ہو۔ سینئر اداکار سید محمد احمد نے مزید کہا پروڈکشن ہاؤسز کی کوشش ہوتی ہے  ہر پروجیکٹ میں معاوضے کو لے کر اداکار کی عزت نفس کو مجروح کیا جائے۔ مجھے خوشی ہے میں کھل کر اس ایشو پر بات کر رہا ہوں،  کیونکہ اس سے پہلے معاوضوں پر بات کرنا معیوب سمجھا جاتا تھا۔ اب وقت کی سب سے بڑی ضرورت پیسہ ہے جس کے لئے آواز اُٹھانا ضروری ہوگیا ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں