لاہورپریس کلب ادبی کمیٹی کے زیراہتمام معروف ادیب ومصنف سید وقاص جعفری کی کتاب ” جن سے مل کر زندگی سے عشق ہوجائے، وہ لوگ ” کی تقریب پزیرائی منعقد کی گئی۔ تقریب کی صدارت پنجاب ہیلتھ فاﺅنڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹرکاشف منظور نے کی جبکہ نظامت کے فرائض طارق کامران نے انجام دیئے ۔ تقریب سے بخت زادہ ، پروفیسر ایوب منیر ، عامر محمود چیمہ ، تاثیر مصطفی ، فراست بخاری ، اقبال بخاری حامد ریاض ڈوگر، آصف وسیم ، خبیب بلال ، حافظ حسان ، فرخ شہبازوڑائچ اور مدثر حسین شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید وقاص جعفری نے اپنی کتاب میں نامورشخصیات کے ساتھ ساتھ ذاتی احباب کے شخصی خاکے تحریر کئے ہیں جنھیں پڑھ کر قاری کی آنکھوں کے سامنے مذکورہ شخصیات کی ایک مکمل تصویر بن جاتی ہے، کتاب مذکورہ کو یقینا خاکہ نگاری کے باب میں قدر کی نگاہ سے دیکھاجائے گا۔ سیدوقاص جعفری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں کوئی باقاعدہ خاکہ نگار نہیں ہوں لیکن جن شخصیات پر میں نے قلم اٹھایاہے ان سے میرا روحانی اور قلبی تعلق ہے ، میں نے کوشش کی ہے کہ ان سے اپنی عقیدت و محبت کو صفحہ قرطاس پر منتقل کرسکوں اس ضمن میں کہاں تک کامیاب ہواہوں اس بات کافیصلہ تو قارئین ہی کرسکتے ہیں۔ لاہورپریس کلب کے سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے معزز مہمان کو کلب آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ وقاص احمد جعفری کا مقام میرے لئے اساتذہ جیساہے ، ان سے بہت کچھ سیکھا ہے ،خوشی ہے کہ وہ ہماری دعوت پر کلب تشریف لائے ، یہ کلب کا اعزاز ہے کہ آج ہمیں ان کی کتاب کی تقریب رونمائی کرنے کا موقع ملا ۔اس موقع پر سیکرٹری عبدالمجید ساجد کی درخواست پر کتاب کے مصنف اور الخدمت فاﺅنڈیشن کے جنرل سیکرٹری سید وقاص جعفری نے لاہورپریس کلب کے وفات پاجانے والے ممبران کے بچوں کی تعلیمی کفالت کا اعلان کیا جبکہ الخدمت فاﺅنڈیشن کی دیگر سہولیات کے حوالے سے جلد لاہورپریس کلب اور الخدمت فاﺅنڈیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پردستخط کی تقریب منعقدکی جائے گی۔