سندھ کے وزیر اطلاعات شرجيل انعام ميمن نے کراچی پریس کلب کی گرانٹ 5 کروڑ روپے سے بڑھا کر 10 کروڑ روپے کرنے کی ہدايت کردی ہے۔ شرجيل انعام میمن نے کہا ہے کے کراچی پریس کلب کے ممبران کے پلاٹس اور دیگر مسائل حل کریں گے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے ملاقات کرنے والے کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور نائب صدر رشید میمن سے بات چیت کرتے کیا. پریس کلب کے وفد نے صوبائی وزیر اطلاعات شرجيل انعام ميمن کو دوبارہ محکمہ اطلاعات کی وزارت ملنے پر مبارکباد دی اور پریس کلب کے مسائل سے آگاہ کیا اور کراچی پریس کلب کی گرانٹ بڑھانے کی درخواست کی۔ شرجيل انعام میمن نے ڈی جی انفارمیشن سلیم خان کو گرانٹ بڑھا کر 10 کروڑ روپے کرنے کی سمری تیار کرکے بھیجنے کی ھدایت کی۔ شرجيل انعام میمن نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل حل کئے جائیں گے، محکمہ اطلاعات صحافیوں سے ہر وقت رابطہ میں ہے۔ کراچی پریس کلب کے ممبران کے پلاٹس کے مسائل اور دیگر مسائل حل کئے جائیں گے۔ دوسری طرف کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور نائب صدر رشید میمن نے سیکرٹری اطلاعات ندیم میمن سے بھی ملاقات کی اور اس کو میڈیا ملازمین کو تنخواہیں دیر سے ملنے کی شکایت کی۔ سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ میڈیا اداروں کو اشتہارات کے پیسے دیئے گئے ہیں ان کو پابند کیا گیا ہے کہ ملازمین کو وقت پر تنخواہیں دی جائیں۔ اگر کسی میڈیا ادارے کے ملازمین کو تنخواہ نہیں مل رہی تو محکمہ اطلاعات کو شکایت کریں کارروائی کی جائے گی۔