لاہور پریس کلب کی نومنتخب گورننگ باڈی کا پہلا اجلاس صدرپریس کلب ارشد انصاری کی زیرصدارت منعقد ہوا، اجلاس کی ابتدا تلاوت کلام پاک سے کی گئی، اجلاس میں سینئر نائب صدر شیرازحسنات، نائب صدر امجد عثمانی، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری جعفر بن یار، فنانس سیکرٹری سالک نواز، شہباز چودھری، عمران شیخ، رانا شہزاد، اعجاز مرزا، محسن بلال، عالیہ خان، فاطمہ مختار، عابد حسین اور سید بدر سعید نے شرکت کی۔ صدر ارشد انصاری،سیکرٹری زاہد عابد نے اراکین گورننگ باڈی کو خوش آمدید کہا۔ گورننگ باڈی کے اس پہلے اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ لاہور پریس کلب کے اراکین کی اسکروٹنی کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائےگا۔ اجلاس میں لاہور پریس کلب کی نئی ممبرشپ کھولنے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں ایف بلاک کے ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کرانے کا فیصلہ کیاگیا،تاہم گورننگ باڈی نے ایف بلاک ممبران سے بھی درخواست کی اپنے واجبات شیڈول کے مطابق ادا کریں۔ فیزٹو کے قیام کیلئے بھرپور اور موثر کام کرنے پر اتفاق کیاگیا۔ کلب آئین میں ترامیم کیلئے آئینی کمیٹی بنائی جائے گی جس میں ایگزیکٹیو کمیٹی میں خواتین اور اقلیتی ممبران کیلئے ایک،ایک نشست مختص کرنے سمیت دیگر معاملات پر غور کیا جائے گا۔بی بلاک کے متاثرین کو قرعہ اندازی کرکے متبادل پلاٹ دیئے گئے تھے لیکن سابق گورننگ باڈی نے ڈی جی پی آر سے مل کر پلاٹوں کی دوبارہ الاٹمنٹ کی جس سے ممبران کی حق تللفی ہوئی اس کا ازالہ کیا جائے گا۔ دوہزار بائیس،دوہزار تئیس میں انشورنس پریمیم کی عدم ادائیگی کے باعث انشورنس کلیم سے محروم رہ جانے والے چودہ ممبران کے ورثا کو انشورنس کی ادائیگی کے لئے موثر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ فنانس سیکرٹری سالک نواز کی سربراہی مئیں کیفے ٹیریاکمیٹی تشکیل دے دی گئی جس کے دیگر ارکان میں ممبر گورننگ باڈی رانا شہزاد اور سید بدرسعید ہوں گے جب کہ معاونت کیلئے مبشر حسن،قمرالزمان بھٹی، فاطر شاہ، ملک خیام اور عمران پاشا ہونگے۔ سینئر نائب صدر شیراز حسنات ڈیجیٹل اسٹوڈیو کے معاملات دیکھیں گے۔ کلب کی تزئین و آرائش کا کام جلد اس جلد کرایاجائے گا،جب کہ بجلی کے لئے سولر سسٹم لگانے کا فیصلہ کیاگیا۔ کلب میں مختلف سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ممبر گورننگ باڈی شہباز چودھری اور اعجاز مرزا پر مشتمل ایکٹویٹی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ لاہور پریس کلب کی ویب سائٹ کیلئے نائب صدر امجدعثمانی کام کریں گے جب کہ ممبر گورننگ باڈی محسن بلال اور سید بدرسعیدان کی معاونت کریں گے۔ اجلاس میں لاہور پریس کلب کے اسٹاف و ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ بھی کیاگیا۔۔