صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب کے باقی 700اراکین کو حکومت سندھ کی جانب سے پلاٹس دیے جائیں گے تاکہ ان کے رہائشی مسئلہ کو حل کیا جا سکے۔ اس ضمن میں سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجی جائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب کے اراکین سے ملاقات کے دوران کیا۔کلب کے صدر فاضل جمیلی ،سیکرٹریرضوان بھٹی اور دیگر عہدیداران اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت آزادی صحافت پر بھرپور یقین رکھتی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ صحافیوں کے مسائل حل کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور ایسا کرنا صحافیوں پر کوئی احسان نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب ایک تاریخی کلب ہے جس نے ہمیشہ جمہوریت کی بقاءاور استحکام کیلئے بڑھ چڑھ کر کام کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کبھی کسی صحافی کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کی اور ہمیشہ صحافیو ں کی فلاح و بہبود اور ان کے خلاف قانون سازی کی مخالفت کی ہے۔انہوں نے تمام صحافتی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر آجائیں اور آپس کے اختلافات کو ختم کر دیں تاکہ ان کے مسائل کو بھرپور طریقے سے حل کیا جا سکے ۔
پریس کلب کے سات سو ارکان کو پلاٹس دینے کا اعلان۔۔
Facebook Comments