لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری ،سینئرنائب صدر شیراز حسنات، نائب صدر امجد عثمانی ، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری جعفر بن یار، فنانس سیکرٹری سالک نواز اوراراکین گورننگ باڈی نے وزیراعلی خیبر پختون خواہ علی امین گنڈاپور کو ذہنی مریض قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے مقاصد کے لئے ہر ایک کو جھوٹے پروپیگنڈا کا نشانہ بنا رہا ہے انہیں اس منصب پر رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔اگر تحریک انصاف کے قائدین نے اپنے جھوٹے الزامات کو واپس نہ لیا تو جس طرح گذشتہ روز پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران اسلام آباد کے صحافیوں نے مائیک اٹھائے اسی طرح اب لاہور اور دیگر شہروں کے صحافی بھی انکی پریس کانفرنس میں مائیک اٹھائیں گے اور انکی دیگر تقریبات کا بائیکاٹ بھی کیا جائے گا۔صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے علی امین گنڈا پور کی طرف سے جاری وضاحتی بیان میں سینئر صحافی اور اینکر پرسن غریدہ فاروقی پر پیسے لینے کے سنگین اور گھٹیا ترین الزامات کو صحافیوں کی ٹرولنگ کے سلسلہ کی کڑی قرار دیا ہے جس میں پی ٹی آئی کے لوگ صحافیوں اور اپنے سیاسی مخالفین پر گندی زبان اور گالی گلوچ کا سہارا لے کر انہیں ٹارگٹ کرتے رہے ہیں۔ انھوںنے اپنے مذمتی بیان میں قرار دیا کہ علی امین گنڈا پور نے اپنے وضاحتی بیان میں وضاحت اور غیر مشروط معافی مانگنے کی بجائے اپنے ذہن کا سارا گند اگل دیا ہے، صحافی کمیونٹی توقع کرتی تھی کہ علی امین گنڈاپور اپنی وضاحت میں شرمندگی کا اظہار کریں گے اور غیر مشروط معافی مانگیں گے مگر اب انہوں نے اپنی وضاحت میں ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینئر صحافی اور اینکر پرسن غریدہ فاروقی پر جھوٹے اور گھٹیا الزامات کی بوچھاڑ کردی جو قابل مذمت اور شرمناک عمل ہے۔ صدر ارشد انصاری نے مزید کہا کہ علی امین گنڈاپور فوری طور پر غریدہ فاروقی پر عائد کردہ اپنے الزامات کے ثبوت میڈیا کے سامنے پیش کریں یا پھر اپنے خلاف ہتک عزت کے مقدمہ کے لئے تیار رہیں۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور پریس کلب اس معاملہ میں علی امین گنڈا پور کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ لڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان نے علی امین گنڈا پور کے اس بیان کو نہ صرف من و عن تسلیم کیا بلکہ انکے اس بیان کی تائید بھی کی جو کہ انتہائی شرمناک ہے۔
پریس کلب گنڈاپور کے خلاف ہتک عزت کیس لڑے گا۔۔
Facebook Comments