پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینئر رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ پی ایم ڈی اے میڈیا کو کنٹرول کرنے کا ارادہ ہے۔میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے خلاف صحافتی تنظیموں کے احتجاجی مظاہرے میں اپوزیشن جماعتیں ن لیگ، پی پی، جے یو آئی (ف) کے نمائندے اور اراکین قومی اسمبلی نے شرکت کی۔شازیہ مری نے اس احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں اس بل کو مسترد کرتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایم ڈی اے کے ذریعے حکومت ایک اندھیرا لانا چاہتی ہے۔اس سے قبل اپنے خطاب میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میڈیا اتھارٹی بل کے خلاف ن لیگ صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اس قانون سے صحافت نہیں بلکہ صحافیوں کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت کا مجوزہ میڈیا اتھارٹی کا قانون، صحافت کو نہیں بلکہ صحافیوں کو ختم کرنے کی کوشش ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ یہ آمرانہ اقدام ہے اور اس کے خلاف ن لیگ صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
