pmda media malikaan keliye naya nab hoga

پی ایم ڈی اے میڈیا مالکان کیلئے نیا نیب ہوگا۔۔

مسلم لیگ (ن)کے سینیٹر عرفان صدیقی نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت آزادی صحافت کو کچلنے کے لئے منظم سازش کر رہی ہے جس کا مقصد یہ ہے کہ سوشل میڈیا کو مفلوج کر دیا جائے ۔ وزیراعظم عمران خان کی مصروفیات میں سے 70 فیصد سے زائد وقت مخالف سیاستدانوں کے خلاف مقدمات بنوانے ، انہیں جیلوں میں ڈالنے یا پھر میڈیا کو حکومتی شکنجے میں کسنے کی تدبیروں میں گزرتا ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا مقصد دراصل صحافیوں اور میڈیا مالکان کے لئے ایک نیا نیب بنانا ہے ۔ صحافتی نیب کے ذریعے میڈیا کو ڈرا دھمکا کر اس طرح بیوروکریسی کے قبضے میں دے دینا ہے کہ حکومت کے خلاف کوئی ایک لفظ بھی بولا یا لکھا نہ جا سکے ۔ رائے کی آزادی جمہوریت کے لئے آکسیجن کا درجہ رکھتی ہے ۔ میڈیا کی آزادی کو زنجیریں ڈالنے کا مطلب جمہوریت کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے ۔ حکومت ابھی تک اس کالے قانون کا مسودہ منظر عام پر نہیں لا رہی۔ یہاں تک کہ سینیٹ کی متعلقہ قائمہ کمیٹی کے بار بار مطالبے کے باوجود اس بل کو چھپایا جا رہا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں عرفان صدیقی نے کہا کہ ان کے تحریری مطالبے کے باوجود اس حساس معاملے کو زیر بحث لانے کے لئے اطلاعات و نشریات کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس نہیں بلایا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ 13 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پوری شدت سے یہ مسئلہ اٹھایا جائے گا۔ اپوزیشن ارکان اپنے حقوق کے لئے مظاہرہ کرنے والے صحافیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی قیمت پر پہلے سے سخت پابندیوں اور سنسر شپ میں جکڑی صحافت کو نئے شکنجوں میں نہیں جکڑنے دیں گے ۔

How to write on Imranjunior website
How to write on Imranjunior website
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں