پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام پیکا آرڈیننس اور آزادی اظہار رائے پر قدغن کے خلاف احتجاجی کیمپ کے دوسرے روز بھی صحافی برادری نے شدید احتجاج کیا۔ احتجاجی کیمپ میں سیاسی ، سماجی اور صحافتی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور حکومتی اقدامات کے خلاف بھرپور آواز بلندکی۔احتجاجی کیمپ میں جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے تر جمان ذوالفقار علی بدر، پیپلزپارٹی لاہور کی سیکرٹری اطلاعات فائزہ ملک، ن لیگ کے رکن صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول ، پیپلز پارٹی مڈل ایسٹ کے سیکرٹری اطلاعات چودھری سجاد نذیر گجر، جماعت اسلامی کےرہنما احمد سلمان بلوچ، سول سوسائٹی کے رہنما آغا محمودالحسن لودھی، سٹوڈنٹ لیڈر سنی پرنس سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر لاہور پریس کلب کے سابق صدر ارشد انصاری ، پی ایف یو جے کے خزانچی ذوالفقار علی مہتو،پی یوجے کے صدر ابراہیم لکی، جنرل سیکرٹری خاور بیگ، سابق صدور قمرزمان بھٹی، ارشد یاسین ، احسن ضیاء ، خواجہ نصیر ، عامر ملک، ندیم شیخ ، کاشف ملک ، جاوید ہاشمی، شبیر صادق، قاسم رضا، شہزاد ملک، صلاح الدین بٹ، جمال احمد، قاضی طارق، سمیت مختلف صحافتی تنظیموں ، سول سوسائٹی، اور طلباتنظیموں کے رہنما اور کارکن بھی موجود تھے۔احتجاجی کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار علی بدر نے کہا کہ پیکا قانون آمرانہ سو چ کا اظہار ہے۔حکومت اپنے خلاف خبروں کو روکنے کے لیےصحافیوں کی زبان بندی کرنا چاہتی ہے۔ پیپلزپارٹی صحافتی تنظیموں کے ساتھ کھڑی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے اس کالے قانون کے خلاف سب سے پہلے آواز بلند کی۔ قیصر شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافت ایک آئینہ ہے، اس آئینے میں حکمرانوں کواپنا اصل چہرہ دکھائی دے رہاہے جوان سے برداشت نہیں ہورہا۔ پیکا آرڈیننس میں فیک نیوز کی کوئی واضع تعریف نہیں کی گئی۔احمد سلمان بلوچ کا کہنا تھا کہ حق اور سچ کی آواز کو کوئی دبا نہیں سکتا ،، اس آمرانہ قانون کے خلاف وہ صحافی برادری کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔پیر اشرف رسول نے کہا کہ وہ ڈنڈے کے زور پر نافذ ہونے والے اس کالے قانون کی بھر پور مخالف کرتے ہیں۔ارشد انصاری نے کہا کہ حکومت آمرانہ قوانین کے ذریعے آوازِ حق کو دبا نہیں سکتی۔ صحافی برادری نے آزادی اظہار رائے پر کبھی سمجھوتہ کیا نہ اب کرے گی۔ وزیر اعظم اور ان کے کابینہ ارکان دن رات جھوٹ بولتے ہیں۔ پیکا آرڈیننس کا اطلاق سب سے پہلے موجودہ حکمرانوں پر ہوتا ہے۔ ذوالفقار علی مہتو نے کہا کہ پیکا آرڈیننس اپنے مدت پوری ہونے سے پہلے ہی اپنی موت آپ مر جائے گا۔ ارکان پارلیمنٹ اس کالے قانون کو کسی صورت منظوری نہیں ہونے دیں گے۔پی یو جے کےصدر ابراہیم لکی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے پاس ایک شیرو ہے، جس سے وہ سب کو ڈراتے ہیں، مگر پاکستان کا میڈیا کسی سے نہیں ڈرتا۔ انھوں نے صحافیوں سے اظہار یکجہتی کرنے پر کیمپ کے تمام شرکاء کا شکریہ بھی ادا کیا۔
