پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹو گرافرز کے عہدیداران اور اراکین نے سندھ حکومت کی جانب سے سالانہ گرانٹ دیئے جانے پر اظہارتشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے سندھ حکومت آئندہ بھی فوٹو گرافرز کا ہر شعبے میں ساتھ دے گی۔ ڈائریکٹر جنرل سندھ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ محمد سلیم خان، ڈائریکٹر اشتہارات محمد یوسف کابورو، ڈپٹی ڈائریکٹر اشتہارات سارنگ لطیف چانڈیو سے پاکستان ایسوسی ایشن پریس فوٹو گرافرز کے صدر محمد جمیل، جنرل سیکریٹری نعمان نظامی نے سالانہ گرانٹ کا چیک وصول کرنے کے بعد اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلاشبہ سندھ حکومت نے ہمیشہ صحافیوں کیلئے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کیا ہے، باالخصوص وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن ہمیشہ صحافی برادری کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ ہم ان کے نیک کاموں کو سراہتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ وہ مستقبل میں بھی صحافیوں کے مسائل اور پریشانی کو دور کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔انہوں نے اپنے بیان میں گھوٹکی سے تعلق رکھنے والے نجی اخبار کے صحافی کو رحیم یار خان سے ایئر ایمبولیس کے ذریعے کراچی کے آغا خان ہسپتال پہنچانے اور علاج کے تمام اخراجات صوبائی حکومت کے اٹھانے جانے پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم اس نیک جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ قبل ازیں ڈائریکٹر اشتہارات یوسف کابڑو، ڈپٹی ڈائریکٹر اشتہارات سارنگ لطیف چانڈیو نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس تلخ حقیقت کا ادراک ہے کہ فوٹو گرافرز معاشی بحران کا شکار ہیں اور شدید ترین گرمی کے باوجود وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض سرانجام دینے سے بھی پیچھے نہیں ہٹتے۔ خیال رہے کہ چیک وصول کرنے کے موقع پر جوائنٹ سیکریٹری پیپ محمد عظیم اور خازن سید عمران علی بھی موجود تھے۔