photo journalist sahafat ka lazmi juzu

فوٹو جرنلسٹس صحافت کا لازمی جزو۔۔۔۔۔

وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ فوٹو جرنلسٹس صحافت کا لازمی جزو ہیں، ان کی کھینچی ہوئی تصاویر ہزار لفظوں کی خبر سے زیادہ پر اثر ہوتی ہیں اور تاریخ کا حصہ قرار پاتی ہیں۔وہ یہاں کراچی پریس کلب میں سینئرز فوٹوگرافرز کے اعزاز میں منعقدہ تقریب’’تقسیم ایوارڈ‘‘ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب اور نیاز حلیم میں شرکت کررہے تھے، جس کا اہتمام پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹوگرافرز (پیپ) نے کیا تھا۔تقریب سے رکن قومی اسمبلی شازیہ مری، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر جی ایم جمالی، کراچی یونین آف جرنلسٹس (کے یوجے) کے صدر اعجاز احمد، پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی،آرٹس کونسل آف پاکستان، کراچی کے صدر احمد شاہ ، پیپ کے صدر جمیل احمد اور جنرل سیکریٹری عباس مہدی نے بھی خطاب کیا۔جب کہ رکن قومی اسمبلی کشور زہرا، ایم کیو ایم کے رہنما احمد سلیم صدیقی، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی وقار مہدی ، ڈائریکٹر پریس انفارمیشن محمد سلیم خان ، پریس کلب کے سیکریٹری رضوان بھٹی ، معروف سماجی کارکن فیصل ایدھی، سینئر صحافیوں حسن عباس، امتیاز خان فاران، خالد فرشوری، سعید جان بلوچ، رفیق بلوچ اور ناصر شریف کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر قیصر سجاداور دیگر معروف شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر فوٹوگرافرز کی فلاح وبہبود کے لیے کے یو جے کی جانب سے پیپ کو 50ہزار روپے کا چیک بھی دیا گیا، جو مہمان خصوصی نے پیپ کے عہدے داروں کو دیا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے ہمیشہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا، صحافی تنظیموں کے لئے گرانٹ کا اجراء ہویا صحافیوں کی انفرادی مالی مدد! حکومت نے محکمہ اطلاعات کے ذریعے ہمیشہ اس ضمن میں مثبت اقدامات کئے۔انہوں نے واضح کیا کہ پیپ کے لیے 10لاکھ روپے سالانہ گرانٹ اس وقت کی صوبائی وزیر اطلاعات شازیہ مری نے جاری کروائی تھی اور اب وہ یہ گرانٹ بڑھا کر 25 لاکھ روپے سالانہ کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ سے درخواست کریں گے۔انہوں نے اعلان کیا کہ بہترین فوٹوگرافر کو سالانہ ایوارڈ دینے کے لئے پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت اقدامات کیے جائیں گے اور اس ایوارڈ کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نام سے موسوم کیا جائے گا۔ شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے ماضی میں بھی اقدامات کیے اور مستقبل میں بھی کرے گی۔بعد ازاں 35 سینئر فوٹوگرافرز کو’’ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز‘‘ اور ’’شیلڈز‘‘ دی گئیں۔

How to write on Imranjunior website
How to write on Imranjunior website
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں