پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر جی ایم جمالی نے کہا ہے کہ پی ایف یو جے کے دوسرے گروپ سے بات چیت کا سلسلہ ایک بار پھر شروع کردیا گیا ہے ہماری کوشش ہے کہ پی ایف یو جے کو متحد کیا جائے جس طرح پیکا آرڈیننس میں ہم گئے تو دیگر تنظیمیں بھی ساتھ ہوگئی تھیں اسی طرح ہم صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد تمام تنظیموں کو یکجا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے کراچی پریس کلب میں پی ایف یو جے کی نو منتخب کابینہ کی اعزاز میں منعقدہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے مختلف صحافتی رہنمائوں نے خطاب کیا۔ جن میں پی ایف یو جے کے نائب صدور سعید جان بلوچ۔ شہربانو۔ کے یو جے کے صدر اعجاز احمد جنرل سیکریٹری عاجز جمالی کراچی پریس کلب کے سیکریٹری رضوان احمد بھٹی کے یو جے دستور کے جنرل سیکریٹری موسی کلیم امتیاز خان فاران ، اے ایچ خانزادہ گرین پینل کے روح رواں طاہر نجمی۔ حسن عباس۔ پاکستان پریس فوٹو گرافر ایسو سی ایشن کے صدر محمد جمیل۔ معروف ٹریڈ یونین رہنما حبیب الدین جنیدی۔ منظور رضی۔ حسین بادشاہ نے خطاب کیا۔ تمام صحافی رہنمائوں اور مزدور رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں موجودہ حکومت کے دوران میڈیا انڈسٹری کو تباہ کردیا گیا ہے ہزاروں صحافی بیروزگار ہو چکے ہیں نظریاتی اور فکری اختلافات کے با وجود تمام صحافتی تنظیمیں مشترکہ جدوجہد پر متفق ہیں صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد میں ہم سب ایک ہیں۔ تقریب کے دوران پی ایف یو جے کے نو منتخب عہدیداروں اور سینئر صحافیوں کو اجرکیں پہنائی گئیں۔
![chaar hurf | Imran Junior](https://imranjunior.com/wp-content/uploads/2020/03/how-to-write.jpg)