پی ایف یو جے نے خبردار کیا ہےکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کی طرف سے سینئر صحافی عاصمہ شیرازی کے خلاف غیر شائستہ اور دھمکی آمیز زبان کے استعمال کے سنگین نتائج برآمد ہونگے۔ صدر پی ایف یو جے شہزادہ ذوالفقار اور سیکرٹری جنرل ناصر زیدی نے کہاہے کہ وزیر اعظم کے سرکاری ترجمان کا ایسا رویہ کابینہ کے رکن کی تربیت اور ذہنی صلاحیت کی عکاسی کرتا ہے، انکے درمیان خلیج بڑھانے کے بجائے میڈیا حکومت کے تعلقات کو کون بہتر بنائیگا؟ انہوں نے یاد دلایا کہ دھمکیاں ، بدسلوکی، غیرشائستہ زبان استعمال کرنا، صحافی اور وہ بھی خاتون کیخلاف مذہبی جذبات کو بھڑکانےسے حکومتی کارکردگی بہتر نہیں ہوگی۔پی ایف یو جے کی قیادت نے عاصمہ شیرازی کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے کالم میں کسی کا نام نہیں لیا ہے،یہ انتہائی تشویش کی بات ہے کہ شہباز گل صحافیوں کو بدنام کرنے ، پریس کانفرنسوں ، ٹاک شوز ، آن لائن حملوں اور ٹرولنگ میں سنگین دھمکیاں دینے کے عادی ہیں۔پی ٹی آئی حکومت کی سرکاری پالیسی پرانہوں نے سوال اٹھایا کہ جب عاصمہ شیرازی نے خاتون اول کا نام نہیں بتایا تو پھر وزیراعظم کے سرکاری ترجمان بار بار آن لائن انکے نام کا ذکر کیوں کر رہے ہیں اور کسی غیر موجود مسئلہ پر پریس کانفرنس کیوں کی؟۔۔انہوں نے وزیر اعظم پر زور دیا کہ وہ شہباز گل اور دوسرے لیڈروں کے طرز عمل کی تحقیقات کریں جو دانستہ طور پر خاتون اول کا نام پبلک کر رہے ہیں جو وفاقی کابینہ میں ان عناصر کے کچھ پوشیدہ ایجنڈے اور بیرونی محرکات کا تاثر دے رہے ہیں اور ہم صحافی برادری بالخصوص خاتون صحافی اور میڈیا ورکرز کیخلاف ایسی حرکتوں کی اجازت نہ دیں۔دریں اثنا راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے صدر عامر سجاد سید،جنرل سیکرٹری طارق علی ورک،نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم اور سیکرٹری انور رضا نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہم عاصمہ شیرازی سمیت کسی صحافی کے خلاف اس طرح کا رویہ کسی طور پر برداشت نہیں کریں گے اور صحافیوں کے خلاف اس طرح کی غلیظ زبان استعمال کرنے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔
