Pervez Shouqat ke aezaz mein shandar raqreeb ka ineqaad

پرویز شوکت کے اعزاز میں شاندار تقریب کا انعقاد۔۔

گوجرانوالہ یونین آف جرنلسٹس ورکرز نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے مرکزی صدر پرویز شوکت ، نائب صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے صدر جہانگیر اسلم کے اعزاز میں شاندار استقبالیے کا اہتمام کیا۔ گوجرانوالہ یونین آف جرنلسٹس ورکرز نے پی ایف یو جے ورکرز کے صدر پرویز شوکت کے نام سے ایوارڈ کا اجرا کیا۔ اس تقریب میں یونین کے عہدیداروں ، سینئیر صحافیوں اور علاقائی پریس کلبوں کے عہدیداروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گوجرانوالہ یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے صدر ملک توصیف احمد نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ پی ایف یوجے ورکرز کے صدر پرویز شوکت نے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کی جنگ کیلئے اپنی پوری زندگی وقف کردی ہے ۔ پرویز شوکت پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں جبکہ ان کے مد مقابل اپنی لیڈری کے دوران اربوں روپے کے مالک بن گئے ہیں۔ ملک توصیف نے کہا گوجرانوالہ یونین آف جرنلسٹس ورکرز ، پی ایف یوجے ورکرز کا ہراول دستہ ہے ، ہم پرویز شوکت اور پی ایف یو جے ورکرز کی قیادت کے پیچھے کھڑے ہیں ۔ پرویز شوکت کی خدمات کے اعتراف میں پرویز شوکت ایوارڈ کا اجرا کر رہے ہیں جو ہر سال شاندار کارکردگی کے حامل صحافیوں اور لیڈروں کو دیئے جائیں گے ۔ اس موقع خطاب کرتے ہوئے پی ایف یوجے ورکرز کے صدر پرویز شوکت نے شاندار استقبال اور پر وقار تقریب منعقد کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملک توصیف کی قیادت میں گوجرانولہ یونین آف جرنلسٹس ورکرز ہمارا مضبوط قلعہ بن گئی ہے اس کیلئے ملک توصیف اور انکی پوری ٹیم مبارکباد اور خراج تحسین کی مستحق ہے ۔ پرویز شوکت نے کہا کہ وہ گزشتہ چالیس سے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو انکا حق دلانے کیلئے لیبر کورٹس ، آئی ٹی این اے ، ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ میں مقدمات دائر کر کے سینکڑوں ساتھیوں کو فی کس لاکھوں روپے دلوا چکے ہیں ۔ انہوں نے کہ میں کبھی جھکا ہوں نہ ہی بکا ہوں اور میں نے کبھی بھی نہیں سوچا کہ جو کارکن میرے پاس اپنا مسلہ لیکر آیا ہے وہ میرا حامی ہے یا مخالف اور میں نے بلا تفریق خدمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کارکنوں کے حقوق کی جنگ آخری دم تک لڑتا رہوں گا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یوجے ورکرز کی نائب صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال نے بھی گوجرانوالہ یونین آف جرنلسٹس ورکرز کی طرف سے اتنی شاندار تقریب منعقد کرنے پر ملک توصیف اور انکی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہ وہ نہیں سمجھتی تھیں کہ اتنے سینئیر اور پڑھے لکھے لوگ ہماری یونین سے وابستہ ہوں گے ۔ مجھے خوشی ہوئی ہے کہ ہمارا یہ یونٹ ایک مضبوط یونین میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ راولپنڈی ، اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے جہانگیر اسلم نے شاندار استقبال کرنے پر ملک توصیف اور ان کے ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔ جہانگیر اسلم نے کہا ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ پی ایف یوجے ورکرز کی قیادت بے داغ اور ایماندار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ پندرہ سال سے اسلام آباد میں ہوں ، مجھ پر بلوچستان میں دہشت گردوں نے فائرنگ کی اور ابھی تک تین گولیاں میرے جسم میں ہیں ۔ انہوں نے کہ میں بلوچستان سے جان بچانے کیلئے اسلام آباد شفٹ ہوا اور اب پندرہ سال سے یہیں مقیم ہوں ، اس دوران پرویز شوکت میرا سہارا بنے ۔ میں اس عرصہ میں انہیں جدوجہد ہی کرتے ہی دیکھا ہے ۔ تقریب کے اختتام پر پی ایف یو جے ورکرز کے صدر پرویز شوکت ، نائب صدر بھی ڈاکٹر سعدیہ کمال اور آر آئی یوجے ورکرز کے صدر جہانگیر اسلم ، گوجرانوالہ یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے صدر ملک توصیف نے صحافیوں اور یونین کے عہدیداروں میں پرویز شوکت ایوارڈ اور سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے ۔ ملک توصیف اور دیگر عہدیداروں نے پرویز شوکت ، ڈاکٹر سعدیہ کمال اور جہانگیر اسلم کو بھی ایوارڈ سے نوازا ۔۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں