gharida farooqi ne macchar nighal lia

پیمرا کا نوٹس، غریدہ فاروقی ڈٹ گئی۔۔

خصوصی رپورٹ۔۔

پاکستان میں میڈیا کے نگران ادارے الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے گذشتہ روز نجی ٹی وی چینل نیوز ون کی میزبان غریدہ فاروقی کے 10 فروری کو نشر ہوئے ’جی فار غریدہ‘ شو میں ہونے والی گفتگو کے ایک حصے کو ’تضحیک آمیز/ توہین آمیز‘ قرار دیتے ہوئے چینل کو شوکاز (اظہارِ وجوہ کا )نوٹس جاری کیا ہے۔پیمرا کی جانب سے چینل کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ غریدہ فاروقی کے پروگرام میں ان توہین آمیز ریمارکس کا بغیر کسی ادارتی کنٹرول کے آن ایئر ہونا پیمرا کے سیکشن 20 کی سراسر خلاف ورزی ہے اور توہین آمیز گفتگو چینل کی ادارتی پالیسی اور گیٹ کیپنگ ٹولز کی کارکردگی کے حوالے سے باعثِ تشویش ہے۔پیمرا نے نیوز ون کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو چار دن کے اندر تحریری جواب دینے ہدایت کی ہے کہ وہ بتائیں کہ پیمرا کے قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں پیمرا آرڈیننس 2002 کے تحت ان پر جرمانہ، معطلی اور لائسنس کی منسوخی سمیت دیگر انضباطی کارروائی عمل میں کیوں نہ لائی جائے۔ٹوئٹر پر ٹی وی چینل کے نیوز ڈائریکٹر طارق محمود اور پروگرام کی میزبان غریدہ فاروقی نے پیمرا پر الزام عائد کیا کہ وہ ملک بھر میں نیوز ون ٹی وی کی نشریات بند کروانے کے لیے کیبل آپریٹرز کو فون کر رہے ہیں۔نیوز ون کی نشریات روکنے سے متعلق الزامات اور غریدہ فاروقی کے پروگرام میں کون سے الفاظ ’تضحیک آمیز/ توہین آمیز‘ ہیں، بی بی سی نے پیمرا سے اس کا مؤقف لینے کی بارہا کوشش کی تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں ’بعد میں بات کریں گے۔‘

’جی فار غریدہ‘ کے جمعرات کو آن ائیر پروگرام میں پینل کا حصہ افراد جب موضوع سے ہٹ کر گفتگو کرنا شروع ہوئے تو غریدہ فاروقی نے انھیں روک کر موضوع کی جانب لانے کی کوشش کیوں نہیں کی؟اس کے جواب میں غریدہ کہتی ہیں کہ ’ان چاروں مہمانوں یا میری طرف سے کوئی ایک بھی ’غیر اخلاقی‘ جملہ یا لفظ آن آئیر نہیں ہوا۔ کوئی ذومعنی، اخلاق سے گری ہوئی، گھٹیا بات نہیں کی گئی جسے قانونی طور پر کہیں پر چیلینج کیا جا سکے۔غریدہ مانتی ہیں کہ پروگرام میں مراد سعید کی وزارت کی کارکردگی پر سات سے آٹھ منٹ تک بات ضرور ہوئی مگر وہ اسے توہین آمیز یا غیر اخلاقی ماننے سے انکار کرتی ہیں۔پیمرا کے نوٹس میں ’تضحیک آمیز/ توہین آمیز‘ کے الفاظ کے متعلق غریدہ فاروقی کہتی ہیں کہ ’جب آپ تجزیہ کاروں کو بلاتے ہیں تو وہ کیا تجزیہ کرتے ہیں، یہ پینل میں شامل افراد کی صوابدید پر منحصر ہوتا ہے اور ہماری پالیسی ہے کہ ہم اسے ایڈیٹ یا کاٹتے نہیں۔ کسی کا مائیک میوٹ نہیں کرتے جب تک کہ کوئی ایسی بات نہ کی جائے جو واقعی توہین آمیز یا اخلاق سے گری ہوئی اور قانون کی پکڑ میں آتی ہو۔وہ کہتی ہیں کہ اسی لیے پروگرام سے پہلے ایک تنبیہ چلائی جاتی ہے کہ اس پروگرام میں شامل مہمانوں کی رائے ادارتی پالیسی کا حصہ نہیں۔غریدہ فاروقی کا کہنا ہے کہ ’ہم آزادیِ رائے اور آزادیِ اظہار ضرور دیتے ہیں مگر میرے پروگرام میں کسی بھی مہمان نے یا میں نے کوئی غیر اخلاقی یا فحش لفظ استعمال نہیں کیا نہ کوئی گالی دی اور نہ ہی کوئی غیر اخلاقی بات دہرائی اور نہ کسی تضحیک آمیز یا توہین آمیز رائے کا اظہار کیا۔وہ کہتی ہیں کہ پروگرام میں 43 منٹ تک بحث کی گئی مگر ٹوئٹر پر محدود دورانیے کا کلپ ہی شئیر کیا جا سکتا تھا جو وائرل ہے اور دو منٹ کے کلپ کو دیکھ کر یہ فیصلہ نہیں کر لینا چاہیے کہ اس میں غلط بات کی گئی ہے۔

وہ پاکستان تحریکِ انصاف سے سوال کرتی ہیں کہ ’اگر آپ کو اس کلپ سے تکلیف پہنچی ہے تو کوئی ایک لفظ بتا دیں جو قانون کی تشریح کے مطابق غیر اخلاقی یا توہین آمیز الفاظ کے دائرے میں آتا ہو۔غریدہ کا کہنا ہے کہ تجزیہ کار کسی بھی کتاب کا بھی حوالہ دے سکتے ہیں جس پر ہم انھیں روک نہیں سکتے اور پینل میں شامل افراد نے جس کتاب کا حوالہ دیا اس پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں کہیں پابندی نہیں۔کتاب کے مندرجہ جات پر کہیں کوئی قانونی کارروائی نہیں ہوئی اور جن لوگوں کو تکلیف پہنچ رہی ہے انھوں نے آج تک اس کتاب کے حوالے سے کوئی قانونی کارروائی نہیں کی۔ اگر اس پر پابندی نہیں تو اس کا حوالہ دینے سے کسی کو کیسے روکا جا سکتا ہے۔ اگر ایسا نہیں ہے تو پیمرا اور پاکستان تحریکِ انصاف ہمیں بتا دے کہ فلاں کتاب پر پابندی ہے اور اس پر بحث نہیں کی جا سکتی۔‘

غریدہ فاروقی کا کہنا ہے کہ ’حکومت کو زیادہ تکلیف اس بات سے ہے کہ میں سخت سوالات کیوں کرتی ہوں چونکہ میں حکومت پر تنقید کرنے والے صحافیوں میں شامل ہوں اس لیے مجھے کام کرنے سے روکنے کے لیے میرے اوپر بلواسطہ یا بلاواسطہ دباؤ ڈالا جاتا ہے، بہت عرصے سے وہ کسی بہانے کی تلاش میں تھے اور ابھی انھیں ایک بہانہ مل گیا ہے جس کی آڑ میں وہ ایک بار پھر سے مجھ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ وہ مجھے چپ کروانا چاہتے ہیں حالانکہ اس کلپ میں ایسی کوئی بات نہیں تھی

غریدہ ماضی میں بھی حکمران جماعت تحریکِ انصاف کی جانب سے اکثر تنقید کی زد میں آتی رہی ہیں، تو کیا غریدہ نے اپنے پینل میں شامل افراد کی گفتگو میں مداخلت نہ کر کے ایک طرح سے ’سکور سیٹل کرنے کی کوشش‘ کی؟غریدہ ان الزامات کو سراسر غلط قرار دیتے ہوئے کہتی ہیں کہ ان کے خلاف پچھلے آٹھ نو سال سے کیمپینز، ٹرینڈز، آن لائن ہراسانی جاری ہے مگر ’میں ایک پروفیشنل صحافی ہوں اور اپنے خلاف الزامات، کیمپینز یا ٹرینڈز کو پروفیشنل کپیسٹی میں نہیں لاؤں گی اور اس کا جواب اسی فورم پر دیتی ہوں جہاں سے اس کا آغاز ہوا ہو۔وہ بتاتی ہیں کہ سنہ 2014 میں عمران خان کا دھرنا کور کرنے پر مجھ پر پی ٹی آئی کی دلدادہ اینکر ہونے کا ٹیگ لگایا جاتا تھا مگر اس ٹیگ کے باوجود بھی تحریکِ انصاف کے حامیوں اور سپورٹرز کی جانب سے مجھ پر حملے جاری رہتے تھے۔وہ بتاتی ہیں کہ سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کے حوالے سے ایف آئی اے کے پاس ان کی چھ سات درخواستیں زیر التوا ہیں۔(بشکریہ بی بی سی اردو)۔۔

chaar hurf | Imran Junior
chaar hurf | Imran Junior
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں