اداکارہ یشما گل نے اعتراف کیا ہے کہ ماضی میں وہ لادین (ایتھیئسٹ) ہوگئی تھیں لیکن ڈاکٹر ذاکر نائیک کو سن کر وہ واپس دین اسلام کی جانب راغب ہوئیں۔یشما گل نے 5 اکتوبر کو سندھ کے دارالحکومت کراچی میں معروف اسکالر ذاکر نائیک کے پہلے خطاب کے دوران ان سے سوال کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ وہ ان کی تقریریں سن کر دین اسلام کی جانب راغب ہوئیں۔ پروگرام کے دوران یشما گل کی جانب سے اسلامی اسکالر سے سوال کرنے کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔یشما گل نے ذاکر نائیک سے سوال کرنے سے قبل اپنا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اداکارہ ہیں، ماضی میں جب وہ گریجویشن کی تعلیم حاصل کر رہی تھیں، تب وہ لادین ہوگئی تھیں۔ اداکارہ نے کہا کہ بعد ازاں انہوں نے ذاکر نائیک کی تقریریں سنیں، جس کے بعد وہ دین اسلام کی جانب دوبارہ راغب ہوئیں۔اداکارہ کی اسی بات کو ذاکر نائیک صحیح نہ سمجھ پائے اور انہوں نے کہا کہ وہ بتا رہی ہیں کہ وہ پہلے لادین تھیں، اداکارہ تھیں لیکن ان کی تقریریں سن کر دین کی جانب راغب ہوئیں اور میڈیا کے جال سے نکلیں۔ذاکر نائیک نے یشما گل کو شوبز انڈسٹری کے جال سے نکلنے پر مبارک باد بھی پیش کی، حالانکہ اداکارہ نے شوبز سے نکلنے کی کوئی بات نہیں کی تھی۔