پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا ہاؤس جنگ گروپ آف پبلیکیشن کے ملک بھر کے جنگ اخبار کے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو گزشتہ دو ماہ کی تنخواہیں اب تک نہیں ملیں جبکہ پیکا ایکٹ کے خلاف زور شور سے مہم چلانے والی صحافی تنظیمیں ان کے راہنما اور پریس کلب اس اہم مسئلے پر خاموش ہیں ملک بھر کے جنگ اخبار میں کام کرنے والے صحافی اور میڈیا ورکرز تنخواہیں نا ملنے کی وجہ سے ماہ رمضان میں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔۔کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور گروپ کے صدر محمد عارف خان جنرل سیکرٹری محسن شبیر سومرو نائب صدر قسیم رحیم جوائنٹ سیکرٹری طارق اسلم خازن عمران پیرزادہ اور ممبرز ایگزیکٹو کونسل نے اپنے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ جنگ اخبار میں کام کرنے والے صحافیوں کے مطابق جنگ اخبار کے تمام اسٹیشنز پر صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو اب تک جنوری فروری 2025 کی تنخواہیں نہیں ملی ہیں جبکہ آج بدھ 5 مارچ کو جاوید پریس کراچی کے کچھ ملازمین کو آدھی تنخواہ ملنے کا امکان ہے۔۔دستور گروپ نے اپنے بیان افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیکا ایکٹ کے خلاف احتجاج کرنے والی صحافی تنظیموں پی ایف یو جیز کے مرکزی عہدیداران کا تعلق جنگ گروپ سے ہے جبکہ کراچی پریس کلب کے صدر سیکرٹری دونوں بھی جنگ کراچی میں کام کرتے ہیں اس کے باوجود ان کی خاموشی افسوسناک اور چراغ تلے اندھیرے کے مترادف ہے۔کے یو جے دستور گروپ نے صحافی تنظیموں پی ایف ہو جیز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹریڈ یونین کا اپنا آئینی کردار ادا کریں جنگ گروپ اور دیگر اداروں میں صحافیوں کے مالی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروائیں جو ان کی آئینی ذمہ داری ہے جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومت کے ذمہ دار بھی سرکاری اشتہاروں پر چلنے والے میڈیا ہاؤسز میں کام کرنے والے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے مالی مسائل کو جلد حل کرنے کا حکم دیں۔۔