peca ke khilaaf lahore press club ke bahar ahtejaaji camp kaa aelan

پیکاکے خلاف لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ کا اعلان۔۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں پیکا ترمیمی بل 2025 کے خلاف احتجاجی تحریک میں تیزی لانے اور شدت پیدا کرنے کے پہلے مرحلے میں جمعہ سے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ لگانے کا اعلان ۔ لاہور پریس کلب میں منعقدہ مشاورتی اجلاس میں پنجاب یونین آف جرنلسٹس ، لاہور پریس کلب ،پنجاب اسمبلی پریس گیلری ۔ ایسوسی ایشن آف فوٹو جرنلسٹس لاہور کے مشترکہ مشاورتی اجلاس میں پیکا ترمیمی بل کو یکسر مسترد کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پی ایف یوجے اور صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ اس کالے قانون کواسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اظہار رائے کا قانون سول ہوتا مگر حکمرانوں نے آزادی صحافت کے حق کو دبانے کے لئے اسے کریمنل لاء بنا دیا ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے ۔ صدر پی یوجے نعیم حنیف کا کہنا تھا کہ حکومت کی پہلی ذمہ داری اس بل کے خلاف سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرنا تھی جو نہیں کی گئی۔ اب ہم اس قانون پر عملدرآمد روکنے کے لئے جدو جہد کا ہر راستہ اختیار کریں گے ۔ جنرل سیکرٹری پی یوجے قمرالزمان بھٹی نے کہا کہ حکمران ملک میں شہری آزادی سلب کرنا چاہتے ہیں کہ کوئی سر اٹھا کر نہ جی سکے۔ سیکرٹری لاہور پریس کلب زاہد عابد نے کہا کہ جس طرح نیب کے بارے میں تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق ہے کہ یہ قانون پولیٹیکل انجیرنگ کے لئے استعمال ہوا ہے ۔اسی طرح ہمارا واضح موقف ہے کہ پیکا کا قانون آزادی صحافت کے خلاف استعمال ہوگا ۔ صدر پنجاب اسمبلی پریس گیلری خواجہ نصیر نے کہا کہ یہ قانون وزرات داخلہ کا ہے ۔ ہم اسلام آباد جانے کی کال پر پارلیمنٹ کے گھیرائو کے لئے تیار ہیں ۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں