کراچی یونین آف جرنلسٹس(کے یو جے) نے پیکا ایکٹ میں حالیہ ترامیم کو آزادی اظہار پر بدترین قدغن قرار دیتے ہوئے اس کی بھر پور مذمت کی ہے۔ کے یو جے کے صدر اعجاز احمد اور جنرل سیکریٹری لبنیٰ جرار نقوی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ آئین پاکستان ہر شہری کو آزادی اظہار کے لیے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہذب معاشروں میں آوازیں دبانے کا طرز عمل نا قابل برداشت تصور کیا جاتا ہے، مگر حکومت نے پہلے سے موجود مذموم ایکٹ میں مزید ظالمانہ ترمیم کر کے آئین پاکستان میں دیے گئے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کے یو جے ایسے اقدامات کے خلاف بھر پور احتجاج کرے گی اور کسی بھی صورت آزادی اظہار رائے کو دبانے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے یہ کالا قانون واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔
Facebook Comments