نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل میاں عامر محمود بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ملاقات میں ملک میں ذرائع ابلاغ، خصوصاً برقی ذرائع ابلاغ کے مسائل کے حوالے سے گفتگو کی گئی، وفد نے وزیراعظم کو اشتہارات کے ضمن میں حکومت کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی کے مسئلے کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کو اشتہارات کے واجبات کی ادائیگی کا یقین دلایا، انوار الحق کاکڑ نے وزارت اطلاعات و نشریات کو اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ذرائع ابلاغ ریاست کا چوتھا ستون ہیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے حقوق کا تحفظ بھی ریاست کی ذمہ داری ہے، حکومت اور ذرائع ابلاغ کے مؤثر اور مربوط رابطے سے عوام حکومتی پالیسیوں اور اقدامات سے باخبر رہ سکتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ گڈ گورننس اور حکومتی کارکردگی کے احتساب میں ذرائع ابلاغ کا کلیدی کردار ہے، امید ہے کہ ذرائع ابلاغ غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کے ذریعے جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔۔ملاقات میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر شامل تھے۔وفد میں چیئرمین پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن شکیل مسعود، سیکرٹری جنرل پی بی اے میاں عامر محمود شریک ہوئے، سینئر وائس چیئرمین میر ابراہیم رحمٰن اور طاہر خان بھی شامل تھے۔
پی بی اے کو واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی۔۔
Facebook Comments