پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن (پی بی اے) کا کہنا ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آزادی اور سالمیت پر یقین رکھتے ہیں۔ پی بی اے نے اپنے اعلامیہ میں ایک مخصوص میڈیا ہائوس (بول گروپ)کے اقدامات کی مذمت کی ہے جو اس کا رکن نہیں ہے، اعلامیہ کے مطابق اس میڈیا ہائوس کی تاریخ رہی ہے کہ یہ دوسرے میڈیا ہائوسز، میڈیا بائنگ ہائوسز اور اشتہاراتی کمپنیوں کو نشانہ بنانے کیلئے بدنیتی، غیر اخلاقی اور من گھڑت مواد چلاتا ہے جبکہ اس کیساتھ ساتھ اس کیخلاف اس کے غیر قانونی اقدامات پر کارروائی کرنے کے باعث پیمرا اور اس کے چیئرمین کیخلاف بھی یہی رویہ اختیار کرتا ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اگر یہ میڈیا ہائوس سمجھتا ہے کہ اس کیخلاف نگراں ادارے نے کوئی غلط کارروائی کی ہے تو اسے چاہئے کہ وہ اسے بدنام کرنے اور ہراساں کرنے کیلئے جھوٹ پر مبینی مواد چلانے کی بجائے عدالت سے رجوع کرے۔ پی بی اے نے یہ بھی کہا کہ پیمرا کے عبوری چیئرمین کا تقرر بھی سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے جاری کی گئیں ہدایات کی روشنی میں کیا گیا تھا۔
