pba apna kirdaar ada karay

پی بی اے اپنا کردار ادا کرے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی

جیونیوزکے بیوروچیف کراچی فہیم صدیقی کی برطرفی، این آئی آر سی میں صحافیوں کے خلاف درج مقدمات اور بول ٹی وی سمیت دیگر ٹی وی چینلز اور اخبارات سے میدیا کارکنوں کی جبری برطرفی اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف کراچی پریس کلب میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا احتجاجی کیمپ تیسرے روز بھی جاری رہا، احتجاجی کیمپ میں پی ایف یوجے دستو کے سیکرٹری جنرل اے ایچ خانزادہ، سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد، کے یوجے کے صدر اعجاز احمد، کے یوجے دستور کے صدر خلیل ناصر، سیکرٹری نعمت خان، پروفیسر توصیف احمد، پروفیسر سہیل سانگی، ڈاکٹر عرفان عزیز، سی آر اے کے صدر کاشف ہاشمی، سیکرٹری ریحان چشتی، پیپ کے نائب صدر نعمان نظامی، سیکرٹری محمد جمیل، کراچی پریس کلب کے جوائنٹ سیکرٹری اسلم خان، ممبر گورننگ باڈی ذوالفقار راجپر، جوائنٹ سیکرٹری کے یوجے دستور وکیل الرحمان، سجاس کے سابق سیکرٹری اصغر عظیم اور نصراللہ جمالی نے خطاب کیا، مقررین نے کہا کہ جیوکے مالک میر شکیل الرحمان کو اپنے صحافی دشمن فیصلوں پر نظرثانی کرنا چاہیئے، اپنے ورکرز کا معاشی قتل کرنے کے بجائے اپنا پرانا وقت یاد رکھنا چاہیئے جب انہیں حکومت کی انتقامی کارروائیوں سےبچانے کے لئے صحافتی تنظیمیں ، میڈیا ورکرز اور کراچی پریس کلب نے مشکل حالات میں ان کا دفاع کیا تھا، جیومالکان کو میڈیا ورکرز کے احسانات کو یاد رکھنا چاہیئے اور ان کے جائز مطالبات کو تسلیم کرتے ہوئے اپنے تمام صحافی دشمن فیصلوں کو واپس لینا چاہیئے، مقررین نے بول مالکان سے اپنے ملازمین کی تنخواہیں فی الفور اداکرنے، تمام برطرف ملازمین کی بحالی، این آئی آر سی میں میرٹ پر مستقل چیئرمین کی تعیناتی، نوائے وقت،جنگ، عوام، خبریں اور دیگر اخبارات کے آئی تی این ای میں زیرالتوا کیسز کو جلد نمٹانے اور اخباری مالکان کو اپنے برطرف ملازمین کے واجبات جلد از جلد ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ مقررین نے سندھی میڈیا کے ورکرز سے مکمل اظہاریکجہتی کرتے ہوئے اخبارات میں ویج ایوارڈ کا نفاذ اور ٹی ؤی چینلز کے ورکرز کی تنخواہوں میں اضافے کا بھی مطالبہ کیا، جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے میڈیا مالکان کو متنبہ کیا کہ اگر ہمارے مطالبات پر سنجیدگی سے غور نہیں کیاگیا اور اپنے ورکرز دشمن پالیسیاں جاری رکھیں تو ہم ان میڈیا مالکان کے خلاف ان کے دفاتر کے سامنے بھرپور احتجاج کرنے اور عدالتوں میں ان کے اثاثوں اور جائیدار کی تفصیلات سامنے لانے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنےجائز مطالبات کے لئے ہر سطح پرمذاکرات کے لئے تیار ہیں اور پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے)کو بھی ان تمام معاملات میں فرق سمجھتے ہوئے ان سے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے میڈیا ورکرز، سیاسی و سماجی رہنماؤں ، وکلا اور مزدور تنظیموں سےبھی کراچی پریس کلب میں جاری احتجاجی کیمپ میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں