پریس کلب کے پروگرام گیسٹ آف آنر میں حنیف عباسی کی شرکت۔۔

لاہورپریس کلب کے پروگرام گیسٹ آف آنر میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے شرکت کی۔ لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سینئر نائب صدر افضال طالب ، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ ، فنانس سیکرٹری سالک نواز ، اراکین گورننگ باڈی سید بدر سعید، سرمد فرخ خواجہ ، محبوب احمد چوہدری اور الفت مغل نے معزز مہمان کو کلب آمد پر خوش آمدید کہا۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انھیں لاہورپریس کلب آکر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے، صحافی ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ہمیں ان کی دل سے قدر ہے،لاہور پریس کلب پورے پاکستان کا بڑا پریس کلب ہے ادھر لوگوں نے اپنی زندگیاں دی ہیں، ہمیشہ سے تعلق صحافیوں سے اچھا رہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ لاہور میں پیدا ہوا ،ایف سی کالج میں پڑھا طالب علمی میں سیاست شروع کی،جب ریلوے کا چارج سنبھالا تو کوئی بڑے دعویٰ نہیں کئے، پاکستان اب بدلا ہوا پاکستان ہے ،پاکستان کی دنیا میں جو عزت اب ہے وہ پہلے نہیں تھی، یہ کہتے ہوئے شرمانا نہیں چاہیے فیلڈ مارشل اور وزیر اعظم کی وجہ سے سر اٹھا کر دنیا میں گھوم رہے ہیں، ترکیہ ہو یا روس اوورسیز پاکستانیوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے ۔انھوں نے مزید کہاکہ بلوچستان اورکے پی کے میں بھارتی پراکسی وار جاری ہے،حکومتی پالیسی پر افراط زر 38 سے زیرو فیصد پر آگئی ہے،معیشت کو سنبھالنے کےلئے سخت فیصلہ کرنے پڑے، بڑے بڑے مگرمچھوں کو پکڑیں جنہوں نے لوٹ مار کی،دس آئی پی پیز بند اور پندرہ کو بند کرنے لگے ہیں، راولپنڈی کے تین کراچی کے دو لاہور کے دو اسٹیشنز پر صفائی پر آﺅٹ سورس کرچکے ہیں،ریلوے میں فوڈ کوالٹی کو بہتر کیا ہے،کوالٹی ایجوکیشن کےلئے ریلوے کے چھ سکولوں کو آﺅٹ سورس کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ جب تک ریلوے میں سرمایہ کاری نہیں کریں گے ملکی معیشت میں بہتری نہیں آ سکتی،روہڑی کراچی ریلوے کی مین آرٹری ہے اس پر معاہدہ جلد کریں گے،مریم نواز کا شکرگزار ہوں جنہوں نے لاہور سے راولپنڈی کو دو سے ڈھائی گھنٹے سفر کےلئے ٹریک کو بہتر کرنے کا عملی اقدام اٹھایا ہے،مریم نواز نے پچاس ارب ریلوے کیلئے مختص کئے ہیں، لاہور ریلوے اسٹیشن پر مفت وائی فائی لگایا گیا ہے، کوئٹہ شہر خوبصورت ہوجائے گا ڈی ڈبلیو چلا دیں ،کوئلے کو پاور پلانٹ کےلئے ایک سو پانچ کلومیٹر کا ٹریک تیس اپریل تک مکمل ہوگا،کول پاور پلانٹ پر کوئلے کی بہترین ترسیل سے پندرہ روپے یونٹ سے ساڑھے چار روپے میں فی یونٹ ملے گا، پہلی بار ریلوے اسٹیشن پر ایکسیلیٹر لگایا ہے انفارمیشن ڈیسک لگائے گئے ہیں، راولپنڈی میں ایک معاہدہ کیا ہے ٹرین میں صفائی ستھرائی ڈیڑھ گھنٹے میں کریں گے، بزنس ٹرین کا انتیس جولائی کو وزیر اعظم افتتاح کریں گے، سترہ کوچز میں وائی فائی موجود ہیں جو کھانا ڈائننگ کار میں دیا جائے گا وہ بہترین معیار کا ہوگا،ریلوے کی بیوروکریسی کو کہتا ہوں وہ کام کریں چھٹی نہیں ملے گی، ریلوے میں ریونیو کو بڑھایا ہے۔لاہورپریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے معززمہمان کو کلب آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ ہماری خواہش تھی کہ حنیف عباسی صاحب لاہور آئیں تو پریس کلب میں بھی گیسٹ آف آنر پروگرام میں آئیں،حنیف عباسی نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور اب محنت کے بعد وفاقی وزیر بنے، خواجہ سعد رفیق کے بعد ریلوے میں بہتری کا نعم البدل حنیف عباسی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمان کو کلب کی جانب سے یادگای شیلڈ اور پھول پیش کئے گئے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں