ایکس کے مالک ایلون مسک نے فلسطینیوں کے حق میں پوسٹ شیئر کرنے والوں کا ایکس اکاؤنٹ معطل کرنے کی دھمکی دے دی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایکس کے مالک ایلون مسک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ اگر کوئی بھی شخص ایکس پر فلسطینیوں کا مقبول نعرہ ’’دریا سے سمندر تک‘‘ یا پھر ’’نو آبادیات کا خاتمہ‘‘ لکھے گا تو اس کا ایکس اکاؤنٹ معطل کر دیا جائے گا۔ایلون مسک نے کہا کہ فلسطینیوں کی جانب سے ان دونوں جملوں کا اشارہ یہودیوں کی نسل کشی کی جانب ہے اس لئے کسی کو ایکس پر یہ جملے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔مسک کا کہنا تھا کہ اس طرح کے جملوں کے استعمال کے نتیجے میں ایکس اکاؤنٹ کو معطل کر دیا جائے گا۔واضح رہے کہ فلسطینی ’’من النہر فی البحر‘‘ کا نعرہ اسرائیل سے آزادی کیلئے بلند کرتے ہیں جس کا مطلب دریائے اردن کے کنارے سے لے کر بحیرہ روم تک ہے، ان دو مقامات کے بیچ میں اسرائیلی علاقے ہیں اور اسرائیل کے حامی الزام عائد کرتے ہیں کہ اس نعرے کا مطلب اسرائیل کا خاتمہ ہے۔
فلسطین کے حق میں پوسٹ کرنے پرایکس اکاؤنٹ معطل ہوگا۔۔
Facebook Comments