pakistan mein X 2 feesad se kum log istemal karte hen

پاکستان میں ایکس دو فیصد سے کم لوگ استعمال کرتے ہیں، وزیرمملکت۔۔

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ ایکس کی بندش کا مطلب اظہار رائے پر پابندی ہرگز نہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شزا فاطمہ کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی ہدایت کے مطابق ایکس (سابق ٹوئٹر) کو بند کیا گیا، پاکستان میں ایکس 2 فیصد سے بھی کم لوگ استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایکس کی بندش کا مطلب اظہار رائے پر پابندی ہرگز نہیں، ملک پر یومیہ سائبر حملے ہوتے ہیں، سائبر سکیورٹی وقت کی ضرورت ہے، یوٹیوب، فیس بک سمیت تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر اظہار رائے کی آزادی ہے، جہاں سکیورٹی کی بات ہو وہاں وزارت داخلہ پی ٹی اے کو ہدایات دیتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انڈسٹری براڈبینڈ استعمال کرتی ہے اور حکومت نے براڈ بینڈ بند نہیں کیا۔وزیر مملکت برائے آئی ٹی نے مزید کہا کہ ملک بھر میں ڈیٹا سروس مکمل فعال ہے، ڈیٹا سروس پر تمام ایپس 100 فیصد درست کام کر رہی ہیں، موبائل ٹاور پاکستان میں ضرورت سے کم ہیں، اس کی بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں، گزشتہ سال کی نسبت رواں سال آئی ٹی انڈسٹری میں بے پناہ ترقی ہوئی ہے۔واضح رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس سست روی کا شکار ہے، فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ سمیت سوشل میڈیا سروسز متاثر ہیں جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں