مقبول ڈرامے ’بسمل‘ میں خوبرو، لالچی اور امیر شخص کی دوسری بیوی معصومہ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ حریم فاروق نے انکشاف کیا ہے کہ مذکورہ ڈرامے کی شوٹنگ شروع ہونے کے بعد انہیں ’چنبل‘ نامی جلد کی بیماری ہوگئی تھی۔حال ہی میں انہوں نے ’بی بی سی اردو‘ کو دیے گئے انٹرویو میں مذکورہ ڈرامے میں اپنے کردار اور خود پر کی جانے والی تنقید پر بھی بات کی۔ ایک سوال کے جواب میں حریم فاروق نے کہا کہ درحقیقت پاکستان میں فلم انڈسٹری ہے ہی نہیں، جس کی وجہ سے وہی اداکار بڑے پردے پر کام کرنے کے ساتھ ساتھ ڈراموں میں بھی کام کرتے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ مذکورہ ڈرامے میں کام کی پیش کش کے بعد انہوں نے اپنا وزن کم کرنے کا سوچا اور کچھ وقت تک وزن کم کرنے پر کام بھی کیا لیکن پھر انہوں نے وزن کم کرنے کی کوشش ترک کردی۔انہوں نے انکشاف کیا کہ ’بسمل‘ کی شوٹنگ سے قبل وہ زندگی کے مشکل وقت سے گزر رہی تھیں، اس لیے ان کا وزن بڑھ گیا تھا اور ان کی جسمانی ساخت بھی کچھ تبدیل ہوگئی تھی، اس لیے انہوں نے وزن کم کرنے کا سوچا لیکن پھر انہوں نے اپنا ارادہ ترک کردیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ڈرامے کی شوٹنگ شروع ہوتے ہی انہیں ’چنبل‘ نامی جلد کی بیماری بھی ہوگئی اور ان کے چہرے سمیت جسم کے دیگر حصوں پر سرخ داغ نمودار ہونے لگے۔ ان کا کہنا تھا کہ شوٹنگ کے دوران بھی ان کی گردن اور گال پر سرخ داغوں کو دیکھا جا سکتا ہے اور انہوں نے خود بھی سرخ داغوں کو نہیں چھپایا۔حریم فاروق نے کہا کہ ممکن ہے کہ ڈرامے میں ان کے چہرے پر داغ ہر کسی کو اچھے نہ لگ رہے ہوں لیکن ان افراد کی حوصلہ افزائی ہوگی، جنہیں ’چنبل‘ کی بیماری ہے یا وہ اسی طرح کے دوسرے طبی مسائل کا شکار ہیں۔خیال رہے کہ ’چنبل‘ کی بیماری بعض اوقات اتنی سنگین بھی ہوجاتی ہے کہ پورے جسم پر سرخ داغ اور دانے نکل آتے ہیں، جن سے خون بھی رسنے کے امکانات ہوتے ہیں۔مذکورہ بیماری کو مختلف ادویات سے قابو کیا جاتا ہے اور اگر بیماری کی جلد تشخیص ہو جائے تو اس سے چھٹکارہ بھی حاصل ہے، دوسری صورت میں بیماری کئی سال تک رہ سکتی ہے۔مذکورہ بیماری نہ صرف جلد کی بیماری ہے بلکہ یہ بیماری ’آٹو امیون ڈیزیز‘ میں شمار ہوتی ہے۔