pakistan mein aqliat pursukoon zindagi guzar rhe hein

پاکستان میں اقلیت پرسکون زندگی گزاررہے ہیں، رمیش سنگھ اروڑا۔۔

پنجاب کے وزیرانسانی حقوق و اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا نے لاہور پریس کلب کا دورہ کیا۔ چندی گڑھ پریس کلب پنجاب، بھارت کے سابق صدر اورسیکرٹری جنرل انڈین جرنلسٹ یونین بلوندرسنگھ جموں کی قیادت میں بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، ممبر گورننگ باڈی عمران شیخ ، رانا شہزاداور سید بدرسعید نے معزز مہمانوں کو کلب آمد پر خوش آمدید کہا۔ رمیش سنگھ اروڑا نے اس موقع پر کہاکہ انھیں لاہور پریس کلب آکر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے، پاکستان میں اقلیتوں خصوصا سکھ برادری کو جو آزادی اور تحفظ حاصل ہے وہ بے مثال ہے ، ہندوستان سے آنے والے یاتریوں کو بہترین سہولیات مہیاکی جاتی ہیں اور وہ اپنے مذہبی مقامات پر مذہبی رسومات کی ادائیگی بلاروک ٹوک کرتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہاکہ پاکستان میں اقلیتوں کو جو سہولیات حاصل ہیں وہ بھارت میں مسلمانوں سمیت کسی اقلیت کو حاصل نہیں ہے،ہم پاکستان میں خوشحال اور پرسکون زندگی بسر کر رہے ہیں ۔لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہاکہ پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں وہ اپنے کاروباراور مذہب میں آزادہیں ۔انھوں نے مزید کہاکہ بھارت سے آنے والے سکھوں کو خصوصی مراعات حاصل ہوتی ہیں ، لاہور پریس کلب اور چندی گڑھ پریس کلب کے صحافی دونوں ممالک کے تعلقات کوبہتربنانے میں بھرپورکردارادا کررہے ہیں۔ انھوں نے سکھ یاتریوں کی پریس کلب آمد پر ان کا شکریہ اداکیا جبکہ سکھ یاتریوں کی جانب سے صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا اور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کوسکھوں کے روائتی تحائف پیش کئے گئے۔اس موقع پر سابق صدر چندی گڑھ پریس کلب بلوندر سنگھ جموں نے لاہور رپریس کلب کے صدر ارشد انصاری کو چندی گڑھ کے دورہ کے لئے تحریری دعوت نامہ بھی دیا۔

Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں