پاک بھارت کرکٹ میچ ہمیشہ سے دنیائے کرکٹ کا ایک دلچسپ اور ہنگامہ خیز مقابلہ ہوتا ہے، جسے ٹی وی سکرینوں پر شائقین کی ریکارڈ تعداد دیکھتی ہے، چنانچہ پاک بھارت میچ کے دوران ٹی وی اشتہارات کی قیمت بھی آسمان کو چھونے لگتی ہے۔ آپ کو یہ سن کر حیرت ہو گی کہ بھارتی اخبار انڈیا ٹائمز کے مطابق ٹی 20ورلڈ کپ 2024ءمیں گزشتہ روز ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے میں اشتہارات کی قیمت 4ہزار 800ڈالر (تقریباً 13لاکھ 51ہزار پاکستانی روپے)فی سیکنڈ رہی۔رپورٹ کے مطابق پاک بھارت میچ ورلڈ کپ کے اس سب سے بڑے مقابلے میں 10سیکنڈ کے اشتہار کے 48ہزار ڈالر (تقریباً 1کروڑ 35لاکھ16ہزار روپے) وصول کیے گئے۔ واضح رہے کہ اس میچ میں بھارت نے پاکستانی ٹیم کو 6رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے تقریباً باہر کر دیا۔ اب پاکستانی ٹیم کا ٹورنامنٹ میں موجود رہنا حسب روایت ’اگر مگر‘ کا شکار ہو چکا ہے۔ اگر امریکہ اپنے آئندہ دونوں میچ ، جو بھارت اور آئرلینڈ کے خلاف ہیں، ہار جاتا ہے تو پاکستانی کے اگلے مرحلے میں جانے کا امکان ہو سکتا ہے۔