معروف گلوکار علی عظمت نے کہا ہے کہ میرے خلاف جس ویڈیو کی بنا پر مہم چلائی جارہی ہے وہ ایڈیٹ کی گئی ویڈیو ہے۔اپنے ویڈیو پیغام میں گلوکار کا کہنا تھا کہ جس نے بھی یہ ویڈیو پوسٹ کی ہے پوری نہیں کی بلکہ ایڈیٹ کرکے کی ہے۔ احمد علی بٹ اور حنا درانی میری فیملی ہیں میں ان سے بہت پیار کرتا ہوں اور ان کی عزت بھی کرتا ہوں، نہ صرف یہ بلکہ ان سے زیادہ میں میڈم نور جہاں سے پیار کرتا ہوں۔ نور جہاں کے حوالے سے جو میں نے بات کی ہے وہ بات بالکل سچ ہے، میں نے اپنے بچپن کے بارے میں بات کی ہے اس زمانے میں صرف پی ٹی وی چلتا تھا، اس وقت نور جہاں کی پریزنٹیشن اچھی نہیں تھی، ہمیں دیکھنے کو جو ملتا تھا اس حوالے سے میں نے اپنی رائے دی تھی۔ پی ٹی وی پر نور جہاں کو جیسے دکھایا جاتا وہ بالکل اچھا نہیں لگتا تھا، مگر بعد میں جب ہم بڑے ہوئے تو ہمیں نورجہاں سے زیادہ پسند ہی کوئی نہیں تھا، اس حوالے سے مختلف فنکار بھی گواہی دیں گے کہ ہم نور جہاں اور ان کی گائیکی کو بہت پسند کرتے تھے۔واضح رہے کہ علی عظمت نے ایک ٹاک شو میں ملکہ ترنم کی ظاہری شکل کے بارے میں نازیبا ریمارکس دیے۔جس پر صارفین کی جانب سے غم وغصے کا اظہار کیا گیا تھا۔
