waris se bandagi tak

نثار عزیز اور نگہت بٹ۔۔

تحریر: امجد اسلام امجد

گزشتہ دنوں بالترتیب قلم اور کیمرے سے تعلق رکھنے والے دو اہم فن کار ہم سے جُدا ہو گئے ہیں، محترمہ نثار عزیز بٹ کی رحلت کی خبر تو مجھے رمیزہ نظامی کی معرفت مل گئی تھی مگر میں اس وقت کراچی کے موہٹہ پیلس والے مشاعرے میں شرکت کے لیے ائیر پورٹ لائونج میں بیٹھا تھا سو اُن کی آخری رسومات میں شریک نہ ہو سکا مگر نگہت بٹ کے جانے کی خبر تو ملی بھی اس کی رحلت کے کئی دن بعد۔ ان دونوں باہنر خواتین سے تعارف کا سلسلہ گزشتہ چار دہائیوں پر پھیلا ہوا ہے۔نثار عزیز بٹ سے ذاتی سطح پر تعارف تو اُن کے ڈرامہ نگار اور بیوروکریٹ شوہر اصغر بٹ اور ان کے بڑے بھائی محترم سرتاج عزیز کی معرفت ہوا لیکن پھر وہ اپنے فن اور شخصیت کے حوالے سے ہر طرح کے حوالے سے آزاد اور بالاتر ہوتی چلی گئیں جب کہ نگہت بٹ ’’وارث‘‘ کی اُس ٹیم میں تھیں جن میں کام کرنے و الے فن کاروںکے کردار اُن کے اصلی ناموں سے بھی زیادہ مقبولیت حاصل کر گئے۔

نگہت اُس ڈرامے میں منور سعید (یعقوب) کی بیوی بنی تھیں جو چوہدری حشمت کا شہر میں مقیم بیٹا اور اپنے فائدے کے لیے کچھ بھی کر گزرنے کا عادی ایک ایسا شخص تھا جو بظاہر بہت مہذب اور بااصول دکھائی دیتا تھا لیکن جس کے نزدیک رشتوں کی قدر و قیمت، جذبات کے بجائے مفادات سے متعین ہوتی تھی جب کہ اُس کی بیو ی یعنی نگہت بٹ ایک نیک دل اور رشتوں کا احترام کرنے والی قدرے معصوم عورت تھی جو اپنے شوہر کی خود غرضی اور خود پسندی کو ناپسند تو کرتی تھی مگر بوجوہ کھل کر اس کا اظہار نہیں کر پاتی تھی۔

میں نے تقریباً پندرہ برس سے ٹی وی کے لیے ڈرامہ لکھنا چھوڑ رکھا ہے اس لیے نہ صرف کئی نئے آنے والے عمدہ اور باصلاحیت فن کاروں سے میری واقفیت محدود ہے بلکہ نگہت بٹ جیسے کئی فنکار فن کے ساتھ میں نے بہت زیادہ کام کیا ہے بھی نظر سے اوجھل سے ہو گئے ہیں۔

رُوحی بانو کے آخری دنوں کی خبریں تو بوجوہ میڈیا میں آتی رہیں اور اُس سے کسی حد تک رابطہ بھی رہا مگر گزشتہ دنوں یہ جان کر بہت دکھ ہوا کہ ہماری ایک بہت بڑی فنکار اور مجھے ذاتی طور پر عزیز ثروت عتیق بھی کئی برسوں سے ذہنی اختلال کا شکار ہے اور بے شمار اسٹیج اور ٹی وی ڈراموں میں گونا گوں قسم کے رول کرنے و الی نگہت بٹ اپنے شوہر عابد بٹ کی وفات اور مختلف طرح کی بیماریوں کے باعث ایسی حالت نہیں ہے کہ اُس کے پاس گھر کا کرایہ دینے کے وسائل بھی نہیں ہیں، اُس کی رحلت کی خبر نے جہاں دل کو اداس کیا ہے وہاں بہت سے سوال بھی پھر سے تازہ کر دیے ہیں کہ جو معاشرہ بوقت ضرورت اپنے فن کاروں کو چھت کا سایا اور دو وقت کی روٹی فراہم نہیں کر سکتا وہ کیسا معاشرہ ہے؟

کس قدر افسوس کی بات ہے کہ فن کاروں کے لیے نہ تو کسی قسم کی سوشل سیکیورٹی کا کوئی نظام ہے اور نہ ہی اُ ن میں سے زیادہ تر کو اپنے کام کا اتنا معاوضہ ملتا ہے کہ چالیس برس تک مسلسل مصروف رہنے کے بعد نگہت بٹ جیسے فن کار اپنے گھر کا کرایہ تک ادا کرنے سے معذور ہو جاتے ہیں، سرکار نے اس کام کے لیے کچھ کمیٹیاں تو بنا رکھی ہیں جن میں سے کئی ایک کا میں خود بھی ممبر ہوں مگر نہ صرف اس طرح کے وظائف کی رقم بہت کم ہے بلکہ یہ عام طور پر انھیںوقت پر ملتی بھی نہیں اور اس کے ساتھ ساتھ بڑھاپے میں اُن کے علاج معالجے کے لیے سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

نگہت بٹ ایک بہت محنتی، ذمے دار، بااُصول، وقت کی پابند اور اپنے ہر رول کو پوری توجہ سے ادا کرنے کی عادی تھی۔ وہ بہت ملنسار اور خوش مزاج بھی تھی اور اتنے طویل کیرئیر میں اس کے نام کے ساتھ کوئی اسکینڈل بھی منسوب نہیں ہوا، ایسے اچھے انسان اور محنتی فن کار سے اس طرح کا سلوک روا رکھنا اور اسے اس کسمپرسی کے عالم میں رخصت کرنا یقینا ہم سب کے لیے ایک سوالیہ نشان اور لمحہ فکریہ ہے۔ رب کریم اس کی مغفرت فرمائے اور اُس کے بعد آنے والوں کو ان امتحانوں سے محفوظ رکھے جو کسی بھی طرح سے جائز اور واجب قرار نہیں دیے جا سکتے۔(بشکریہ ایکسپریس)۔۔

How to Write for Imran Junior website
Facebook Comments

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں